احتساب عدالت کا مضاربہ کے نام پر لوگوں سے اربوں روپے لوٹنے کے کیس میں گواہان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار

جمعہ 10 جون 2016 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء)احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے مضاربہ کے نام پر لوگوں سے اربوں روپے لوٹنے کے کیس میں گواہان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ڈی جی نیب ظاہر شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔جمعہ کو عدالت نے مضاربہ سکینڈل کے ملزم راشد منہاس کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب حکام عدالت طلبی کے باوجود 29 گواہان میں سے ایک گواہ کو بھی عدالت میں پیش نہ کرسکے، مقدمے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ گواہان کو عدالت میں پیش کرنے کا علیحدہ سیل موجود ہے، اس حوالے سے عدالت سیل کی بہتر رہنمائی کرسکتی ہے جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی ظاہر شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر تے ہوئے ہدایت کی کہ وہ پیر کو عدالت میں پیش ہوکر جواب جمع کرائیں۔

عدالت نے ایک بار پھر 29 گواہوں کو سمن جاری کرتے ہوئے سماعت 13 جون تک ملتوی کردی۔