طارق فضل چوہدری نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں مسلسل پانی کی کمی کی شکایات کا نوٹس لے لیا

تمام سیکٹرز میں شکایات مراکز 24 گھنٹے کھلے رکھے جائیں ٗ تمام ٹیوب ویلز کو مکمل آپریشنل حالت میں رکھا جائے ٗ بیان

جمعہ 10 جون 2016 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں مسلسل پانی کی کمی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سی ڈی اے کے ڈی جی واٹر مینجمنٹ کو معطل کر دیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد کے سیکٹرز میں پانی کی کمی کے حوالہ سے شکایات کا نوٹس لیا ہے اور عوامی شکایات کا ازالہ نہ کرنے اور مسلسل لاپرواہی برتنے پر سی ڈی اے کے ڈی جی واٹر مینجمنٹ کو معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیکٹرز میں شکایات مراکز 24 گھنٹے کھلے رکھے جائیں اور تمام ٹیوب ویلز کو مکمل آپریشنل حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے سی ڈی اے کے عملہ کو ہدایت کی کہ عوام کو پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سی ڈی اے کے واٹر مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ ٹینکرز اور واٹر بوزر کی تعداد بڑھائی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پانی احتیاط سے استعمال کریں اور پانی ضائع کرنے سے اجتناب کریں۔

متعلقہ عنوان :