مذہبی جماعتوں کا امریکہ وبھارت کے پاکستان مخالف معاہدوں، ڈرون حملوں اور ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج ،احتجاجی مظاہرے اورریلیاں

منظم سازش کے تحت پاکستانی قوم کو پانامہ لیکس میں الجھا کر اصل منظر نامہ کواس کی آنکھوں سے دور رکھا جارہا ہے، اس وقت اصل مسئلہ پانامہ لیکس کا نہیں مودی اوبامہ گٹھ جوڑ کا ہے ، امریکہ بھارت کا اتحاد اور دفاعی معاہدے صرف پاکستان کیخلاف ہیں ،حکومت ایئر چیف کو ڈرون گرانے کا حکم دے، مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ سعید ، منور حسن، سردار عتیق، مولانا محمد احمد لدھیانوی اور دیگر کا مظاہروں او رریلیوں سے خطاب

جمعہ 10 جون 2016 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) دفاع پاکستان کونسل،جماعۃالدعوۃ اور جمعیت علماء اسلام (س) کی اپیل پر امریکہ وبھارت کے پاکستان مخالف معاہدوں، ڈرون حملوں اور ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حیدر آباد اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورریلیاں نکالی گئیں۔

نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت و امریکہ معاہدوں اورڈرون حملوں کے خلاف اپنے شدید جذبات کا اظہار کیا۔ مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سید منور حسن، سردار عتیق احمد خاں، مولانا محمد احمد لدھیانوی،سینیٹر طلحہ محمود، حافظ عبدالرحمن مکی، سید ظفر علی شاہ ، عبداﷲ گل و دیگر نے کہا ہے کہ منظم سازش کے تحت پاکستانی قوم کو پانامہ لیکس میں الجھا کر اصل منظر نامہ کواس کی آنکھوں سے دور رکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت اصل مسئلہ پانامہ لیکس کا نہیں مودی اوبامہ گٹھ جوڑ کا ہے۔ امریکہ و انڈیا کا اتحاد اور دفاعی معاہدے صرف پاکستان کیخلاف ہیں۔حکومت ایئر چیف کو ڈرون گرانے کا حکم دے۔ بھارتی سرزمین سے امریکہ نے ڈرون حملہ کیا تو پاکستان بھی اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔ سیاسی جماعتیں اختلافات ترک کر کے ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے متحد ہو جائیں۔ بحر ہند کی ناکہ بندی کر کے پاکستان کو نشانہ بنانے کی امریکی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔

دفاع پاکستان کونسل ملک گیر تحریک جاری رکھے گی۔ ملک بھر میں جلسے، کانفرنسیں اور لانگ مارچ ہوں گے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں شریک پرجوش افراد کی جانب سے امریکہ ، بھارت اور نیٹو فورسز کے خلاف سخت نعرے بازی کی جاتی رہی۔

دفاع پاکستان کونسل اورجماعۃالدعوۃ کی اپیل پر علماء کرام،آئمہ حضرات اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں امریکی ڈرون حملوں اور بھارتی دہشت گردی کو موضوع بنایا، مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور عوام الناس کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں ہوا جس میں طلباء، وکلاء، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرہ سے دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، قاری یعقوب شیخ، ابوالہاشم ربانی، حافظ خالد ولید، حبیب الرحمن، عبدالغفور ڈوگرودیگر نے بھی خطاب کیا۔دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی نے اپنے خطاب میں کہاکہ منظم سازش کے تحت پاکستانی قوم کو پانامہ لیکس میں الجھا کر اصل منظر نامہ کواس کی آنکھوں سے دور رکھا جارہا ہے۔

اس وقت اصل مسئلہ مودی اوبامہ گٹھ جوڑ کا ہے۔ اگر بھارت امریکہ کو اڈے،بندرگاہیں دے کر پاکستان پر حملہ کرواتا ہے تو پاکستان کو بھی اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔انڈیا خود ایسے دوست بنا رہا ہے جو اسے تڑوانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل ملک گیر تحریک جاری رکھے گی۔ ملک بھر میں جلسے، کانفرنسیں اور لانگ مارچ ہو ں گے۔نوشکی میں ہونے والا ڈرون حملہ ٹیسٹ کیس تھا ۔

سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر دفاع پاکستان کے لئے سب متحد ہوں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ بحیرہ ہند کی ناکہ بندی کر کے پاکستان کو ٹارگٹ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے ۔دفاع پاکستان کونسل ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے رہنماؤں قاری یعقوب شیخ، ابوالہاشم ربانی،حافظ خالد ولید، حبیب الرحمن، عبدالغفور ڈوگرودیگر نے کہاکہ امریکہ،انڈیا اور اسرائیل کا عالم اسلام بالخصوص پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ ہو چکا ہے۔

یہ تینوں پاکستان کا گھیرا تنگ کر کے وطن عزیز کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتے ہیں۔امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ بھی 40ارب ڈالر کے معاہدوں کی تجدید کی تو دوسری جانب نیو کلیئر سپلائیر گروپ میں انڈیا کی وکالت کی جار ہی ہے۔امریکہ انڈیا کی دفاعی قوت کومستحکم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی اور اقتصادی راہدرای کی وجہ سے انڈیا و امریکہ پریشان ہیں۔

مفادات کی دوستی امریکہ کا پرانا وطیرہ ہے۔ملک کے دفاع کیلئے وطن عزیزپاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرنے کے لئے تیار ہے۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃکے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئی ایٹ مرکز کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں اجتماعی خطبہ جمعہ کا اہتمام کیا گیا جس کے اختتام پر بڑ ااحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ خطبہ جمعہ اور مظاہرہ میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید ،مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر سید ظفر علی شاہ،سینیٹر طلحہ محمود، میاں محمد اسلم،انجمن تاجران کے رہنما اجمل بلوچ، شفیق الرحمن ودیگر نے خطاب کیا۔ جماعۃالدعوۃکے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ دفاع پاکستان کونسل چند جماعتوں کا نام نہیں ہے بلکہ یہ دفاع پاکستان کانام ہے دفا ع کے نام پر سیاست اور اختلافات نہیں ہوتے بلکہ اتحاد کیا جاتا ہے ہم حکومت اور آرمی چیف سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ائیر چیف کو ان کی ذمہ داری ادا کرنے کا حکم دیں کیونکہ پاکستان کی جانب اڑنے والے ڈرون حملوں کو گرانا آپ کا فرض ہے۔

انہو ں نے کہا کہ امریکی وفد پاکستان کو تسلی دینے کے لیے پاکستان پہنچ چکا ہے ہم صاف کہتے ہیں کہ ان کو کھری کھری سنائی جائیں اور دو ٹوک جواب دیا جائے۔ بزرگ سیاستدان سرتاج عزیز نے جو باتیں کی ہیں ان سے صاف پتہ چلتا ہے کہ حالات کس قدر سنگین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ شکست خوردہ ہے اور بھارت کے اپنے کمانڈر اعتراف کر رہے ہیں کہ وہ کشمیر میں جنگ ہار رہے ہیں ہم واضح کرتے ہیں کہ اگر بھارت کی سرزمین سے کوئی ڈرون حملہ ہوتے ہے تو ہم اپنے ملک کا تحفظ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ نے پاکستان دشمنی میں اپنے آپ کو بھارت کے ساتھ کھڑا کر لیا ہے ۔اتحادی ممالک کو پاکستان کا مسلم دنیا میں مضبوط حیثیت اختیار کرنابرداشت نہیں ہو رہا اس لئے وہ اسے مستقل طور پر دباؤ میں رکھنا چاہتے ہیں۔امریکہ کی جانب سے بھارت کو نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شامل کرنے کا مقصد پاکستان کو معاشی و دفاعی طور پر کمزور کرنا ہے۔

پاکستان مسلم دنیا اور چین کے ساتھ مل کر دفاعی پالیسیاں ترتیب دے۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر سیدظفر علی شاہ نے کہاکہ یو ں لگتا ہے کہ دنیا کی تمام شیطانی طاقتیں پاکستان کے خلاف کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔ ہمیں پاکستان کو بچانا ہے جس کا مقصد پوری امت مسلمہ کی حفاظت ہے امریکہ نے مودی کو گود میں لے لیا ہے ہندوستان والے یہ بات بھول جائیں کہ وہ پاکستان کے خلاف کچھ کر سکیں گے ۔

حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی جماعتیں اقتدار کی لڑائی چھوڑ کر پاکستان کی سرزمین کو بچانے کی کوشش کریں ۔ سینیٹر طلحہ محمود نے کہاکہ مسلمان ہی دنیا بھر میں ظلم کا نشانہ بن رہے ہیں بنگلہ دیش میں پھانسیوں کی مذمت کرتے ہیں حکومت کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنا ہو ں گی پاکستان کی حفاظت حکمران نہیں اﷲ کرے گا۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم، انجمن تاجران کے صدر محمد اجمل بلوچ، شفیق الرحمن و دیگر نے کہاکہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرے۔

ایک آزاد اورباوقار خارجہ پالیسی بنائی جائے جو باوقار اور خودمختار قوم کی نمائندگی کرے ۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام لاہور کے لبرٹی چوک میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کلمہ طیبہ والا پاکستان دشمن قوتوں کو کسی صورت برداشت نہیں ہے۔ امریکہ و انڈیا کا اتحاد اور دفاعی معاہدے صرف پاکستان کیخلاف ہیں۔

ملک کی کوئی دفاعی اور خارجہ پالیسی نظر نہیں آتی۔ ایٹمی قوت کا حامل پاکستان ان کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹک رہا ہے ۔کراچی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جماعۃالدعوۃ اور المحمدیہ سٹوڈنٹس کے تحت پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں طلباء کی کثیر تعداد سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کراچی کے رہنما حافظ محمد امجد اور المحمدیہ سٹوڈنٹس کے عثمان افتخار نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکہ بھارت سرکار کی سرپرستی کر کے خطہ کے امن کو برباد کر رہا ہے۔

حکومت پاکستان دونوں ملکوں کے مابین حالیہ معاہدوں پر خاموشی اختیار نہ کرے بلکہ بین الاقوامی سطح پر امریکی و بھارتی مذموم عزائم کو کھل کر بے نقاب کیا جائے۔ غیور پاکستانی قوم امریکہ و بھارت کی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہو نے دے گی۔پشاور میں نماز جمعہ کے بعددفاع پاکستان کونسل کی طرف سے مرکز خیبر صدر فوارہ چوک سے پشاور پریس کلب تک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے جماعۃالدعوۃ پشاور کے مسؤل حاجی محمد اقبال اور غازی انعام اﷲ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت و امریکہ پاکستان دشمنی میں بہت آگے نکل چکے ہیں ۔ انہیں پاکستان کا مسلم دنیا میں مضبوط حیثیت اختیار کرنابرداشت نہیں ہو رہا اس لئے وہ اسے مستقل طور پر دباؤ میں رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام ملتان میں کلمہ چوک سے نواں شہر چوک تک ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر دفاع پاکستان کے رہنما میاں محمد سہیل ، عبدالحلیم خاں اور مفتی زبیر و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ کی جانب سے بھارت کو نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شامل کرنے کا مقصد پاکستان کو معاشی و دفاعی طور پر کمزور کرنا ہے۔ پاکستان مسلم دنیا اور چین کے ساتھ مل کر دفاعی پالیسیاں ترتیب دے۔

آج جمعہ کو دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے ملک گیر یوم احتجاج کے دوران شہر شہر مظاہرے کئے گئے ہیں تاکہ پور ی دنیا کو پیغام دیا جاسکے کہ پاکستانی قوم امریکہ و بھارت کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے متحد و بیدارہے۔دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے کوئٹہ میں نیو زرغون روڈ پر بڑ ااحتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مظاہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے جماعۃالدعوۃ بلوچستان کے مسؤل محمد قاسم، صلاح الدین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں شکست کا غصہ پاکستان پر نکال رہے ہیں اور بھارت کے فضائی اور فوجی اڈے استعمال کر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر اوبامہ کی ڈرون حملے جاری رکھنے کی دھمکیاں اور مودی کے دورہ کے دوران کئے جانے والے معاہدوں سے ساری صورتحال کھل کر واضح ہو گئی ہے۔ امریکہ بھارت کو اس خطہ کا تھانیدار بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔حیدر آباد میں پریس کلب کے باہر دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے مرکز سعدبن معاذ حیدر چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جہاں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ریلی اور مظاہرہ سے جماعۃالدعوۃ سندھ کے مسؤل فیصل ندیم ، طاہر طیب بھٹوی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بھی ایک مرتبہ پھر مشرقی پاکستان والی صورتحال سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے دفاع کے مسئلہ پر حکومت اور اپوزیشن میں شامل سب سیاسی جماعتیں متحد ہو جائیں۔جماعۃالدعوۃ کی جانب سے ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسؤل حافظ فیاض احمد و دیگر نے کہا کہکہ اتحادویکجہتی کا ماحول پید اکئے بغیر دشمن قوتوں کے خوفناک منصوبوں کو ناکام بناناممکن نہیں ہے۔ڈرون حملے ملکی سالمیت و خودمختاری پر حملہ ہیں ۔ انہیں بزور بازو روکا جائے۔گوجرانوالہ میں جماعۃالدعوۃ کے مرکز اقصیٰ سے شیرانوالہ گیٹ تک ریلی نکالی گئی جس سے دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے رہنما مولانا محمد رمضان منظور و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت امریکہ کو واضح پیغام دے کہ پاکستانی سرحدوں پر ڈرون حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کی سالمیت کے مسئلہ پر کمزور پالیسیاں اختیار نہیں کرنی چاہئیں۔ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کو تحفظ کریں گے۔ بہاولپور میں دفاع پاکستان کونسل کے احتجاجی مظاہرہ سے جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما الشیخ عبدالطیف و دیگر نے خطاب کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کی طرف سے قصور، کھڈیاں، جہلم، راولپنڈی، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، چنیوٹ، ڈیرہ اسماعیل خاں، صادق آباد، مظفر گڑھ، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا ، تلہ گنگ ،سکھر، نواب شاہ، بدین، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پورو دیگر شہروں و علاقوں میں بھی مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کئے گئے اور خطبات جمعہ میں امریکی دھمکیوں او رڈرون حملوں کو موضوع بنایا گیا۔

دفاع پاکستان کونسل اورجماعۃالدعوۃ کے رہنماؤں پروفیسر ظفر اقبال،حافظ عبدالغفار المدنی،مفتی عبدالرحمن عابد، مولانا شمشاد احمد سلفی، انجینئر نوید قمر، مولانا غلام قادرسبحانی، حافظ محمد مسعود،حافظ عبدالرؤف، حافظ طلحہ سعید، مولانا محمد یوسف طیبی، حافظ عبدالغفار،خالد سیف الاسلام، انجینئر محمد حارث، مولانا بشیر احمد خاکی، قاری گلزار احمد، مولانا محمد قاسم ، فیاض احمد ، عبداﷲ احمد، علی عمران شاہین و دیگر نے مختلف شہروں و علاقوں میں امریکہ و بھارت کے مابین معاہدوں، ڈرون حملوں اور ایٹمی پروگرام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کیخلاف ہونیو الے مظاہروں اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ بھارت سے اڈے اور بندرگاہیں لیکر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی سازشیں کر رہا ہے۔

ان کے باہمی معاہدے صرف پاکستان کیخلاف ہیں۔ سیاسی جماعتیں غفلت ترک کریں اور حالات کے صحیح رخ کو سامنے رکھیں۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحاد افغانستان میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں اور اسے نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ دفاع پاکستان کونسل ملک کے کونے کونے میں جا کر اہل پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کی سازشوں سے آگاہ کر رہی ہے ۔