امریکی ڈرون حملوں ‘ امریکہ بھارت نیو کلیئر اتحاد کیخلاف حافظ سعید احمد کی اپیل پر ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی دفاع پاکستان کونسل سکھر اور جماعت الدعوۃ کے کارکنان کا احتجاجی مظاہرہ ‘ بھارت و امریکہ کیخلاف نعرے بازی

جمعہ 10 جون 2016 19:18

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) امریکی ڈرون حملوں ، امریکہ بھارت نیو کلیئر اتحاد کے خلاف جماعت الدعوۃ کے امیر پروفیسر حافظ سعید احمد کی اپیل پر ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی دفاع پاکستان کونسل سکھر اور جماعت الدعوۃ سکھر کے کارکنان کی بڑی تعداد نے پریس کلب سکھر کے سامنے جماعت الدعوۃ کے ضلعی امیر ابو حنظلہ و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکہ اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کی اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکہ نے پاکستان پر ڈرون حملہ کر کے پاکستان کی خود مختیاری کو نشانہ بنایا ہے بلوچستان میں حملہ کر کے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے جس کی سخت مذمت کرتے ہیں اب امریکہ بھارت کو علاقہ کا تھانیدار بنانے کی تیاری کر رہا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے انڈیا اس سے قبل بھی ہمارے ملک پاکستان میں انتشار اور لسانی فرقہ بندی کے پیچھے ہے اب امریکہ بھی اس کیساتھ کھڑا ہو گیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں جماعت الدعوہ امریکی ڈرون حملوں اور امریکہ انڈیا نیو کلیئر اتحاد کے خلاف عوام میں شعود بیدار کریگا ۔