ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر میں کمی واقع ہونے لگی‘اسلام آباد‘روالپنڈی سمیت کئی شہروں میں بارش

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 10 جون 2016 18:46

ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر میں کمی واقع ہونے لگی‘اسلام آباد‘روالپنڈی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10جون۔2016ء) ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر میں کمی واقع ہونے لگی ہے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہو گیاہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی سہ پہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوائیں چلیں اور سیاہ بادل چھا گئے جس کے بعد تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔

راولپنڈی میں 93 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی اور بارش ہوئی۔اسی طرح مری، جھنگ، جہلم، منڈی بہاوالدین، نارووال، ہنگو، باغ اور کرک میں موسلا دھار بارش کی اطلاعات ہیں۔پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن بھر موسم گرم رہا تاہم سہ پہر کو ہلکے بادل چھا گئے اور 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی گرد آلود ہواوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

(جاری ہے)

کلور کوٹ میں مٹی کا طوفان آیا جس سے رمضان بازار کے شامیانے ہوا میں اڑ گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، پنجاب، خیبر پختونخوا ، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے گی۔ بھکر اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 48 ڈگری ‘ تربت میں 47، دادو، بہاولنگر، جیکب آباد میں 46 درجے ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :