آرمی چیف کا امریکہ سے افغانستان میں ملا فضل اللہ و دیگر مطلوب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کا مطالبہ

بلوچستان میں ڈرون حملے پر بھی تشویش کا اظہار ، پاکستانی سلامتی پر حملہ قرار جنرل راحیل شریف سے امریکی جنرل جان نیکلسن اور امریکی خصوصی نمائند رچرڈ اولسن کی ملاقات

جمعہ 10 جون 2016 18:19

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 جون ۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکہ سے افغانستان میں ملا فضل اللہ و دیگر مطلوب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی جنرل جان نیکلسن اور امریکی خصوصی نمائند ہ برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ اولسن نے ملاقات کی ہے ۔

اس موقع پر آرمی چیف نے امریکی وفد سے افغانستان میں ملا فضل اللہ، پاکستان تحریک طالبان اور دیگر مطلوب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ آرمی چیف نے افغانستان میں ہونے والے ڈرون حملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پاکستانی سلامتی پر حملہ ہے جس کے باعث باہمی تعاون پر اثرات مرتب ہوئے اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر بھی اس حملے کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور بہتری سرحدی نظام سے خطے میں استحکام آ سکتا ہے۔ ”را“ ،این ڈی ایس سمیت کسی بھی غیر ملکی ایجنسی کو دہشت گردی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مستقل امن کیلئے افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔۔