صوبائی وزیر خوراک سندھ کاایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کے ہمراہ لٹل ماسٹر حنیف محمدگراونڈ کادورہ، ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں سے ملاقات

جمعہ 10 جون 2016 16:48

کراچی ۔ 10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی بحالی خوش آئند ہے، کراچی کی راتیں اب دوبارہ جاگنے لگی ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ اور انکی ٹیم ضلع شرقی میں خاطر خواہ کام سر انجام دے رہے ہیں گراونڈآبادہو رہے ہیں اور لوگوں کا سیر و تفریح کے لئے رات گئے تک آ نا جانا لگا رہتا ہے، رمضان لیگ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا بلدیہ شرقی کے زیر انتظام اقدام مثالی ہے جس کی دیگر سرکاری اداروں کو بھی تقلیدکرنی چاہیے، صحت مندانہ سرگرمیاں جس قدر بحال ہوں گی کراچی اور سندھ اتنی ہی تیزی سے ترقی کرے گا اورجب سندھ ترقی کرے گا تو ملک کی ترقی کو روکنا نا ممکن ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کے ہمراہ لٹل ماسٹر حنیف محمد(کچھی میمن )گراونڈ میں ڈی ایم سی ایسٹ کی جانب سے جاری رمضان لیگ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں ٹیموں سے ملاقات اور میچز دیکھنے کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہاکہ ضلع شرقی میں گراونڈ زکوآبادکرنے کے لئے خصوصی طور پر کام کئے جارہے ہیں جیسے جیسے گراونڈز آبادہوتے جارہے ہیں ویسے ویسے مختلف سپورٹس کے ٹورنامنٹ منعقدکروا کر نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب گامزن کر رہے ہیں ،رمضان لیگ کر کٹ ٹورنامنٹ اس وقت مکمل توجہ کا مرکز بناہواہے اور اسے کراچی میں کافی پذیرائی حاصل ہورہی ہے ،کوشاں ہیں کہ اس سلسلے کو مزیدجاری رکھ کر مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس کاانعقاد کیاجائے ،اس موقع پر سپریٹنڈنگ انجینئر مبین شیخ ،سینئر ڈائریکٹر سالڈویسٹ اقبال احمد ، ڈائریکٹر انفارمیشن الماس سلیم،ڈائریکٹر پارکس جمشید زون اقبال شیخ ،ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ گلشن اقبال اعجاز شیخ ،نیشنل بنک کے سپورٹس کوآرڈینیٹر غلام محمد خان بھی موجودتھے علاوہ از یں کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں روزحلیمی سپورٹس اور پی ای سی ایچ ایس سٹرائیکر نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابیاں حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی راہیں ہموارکر لیں، ٹورنامنٹ کا انعقاد ناک آوٹ کی بنیادپرہورہاہے لہذا جوں جوں ٹورنامنٹ آگے برھ رہاہے 64 ٹیموں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے حلیمی سپورٹس نے جوہر اسمیشرز اور پی ای سی ایچ ایس سٹرائیکر زنے سٹی کنگ کوشکست دی۔