حکومت کے اقدامات کی وجہ سے معیشت میں بہتری آئی ‘ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں‘ معیشت کے استحکام کے لئے میثاق معیشت پر اتفاق کرنا ہوگا

مسلم لیگ (ن) کے رکن قیصر احمد شیخ کا بجٹ پر بحث کے دوران اظہارخیال

جمعہ 10 جون 2016 16:34

اسلام آباد ۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے معیشت میں بہتری آئی اورزرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں‘ ملک کی معیشت کے استحکام کے لئے میثاق معیشت پر اتفاق کرنا ہوگا‘ سیاست سے بالاتر ہوکر ملک کی ترقی کے لئے مل بیٹھنا ہوگا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ارکان کو فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کے اچھے اقدامات کی تعریف کرنی چاہیے۔

ملک کی معیشت میں بہتری آئی ہے‘ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے میں چین سالانہ آٹھ فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے۔ انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ چین نے 17 سالوں میں فی کس آمدنی دوگنا کی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح بھارت بھی تیز رفتار ترقی کر رہا ہے۔ ہمیں بھی ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے میثاق معیشت پر اتفاق کرنا ہوگا کیونکہ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر اپنے اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر ملک کی ترقی کے لئے مل بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کی کمیٹی بنائی جائے جو اس بات کا جائزہ لے کہ کالا باغ ڈیم منصوبے میں کون سی خامیاں ہیں اور وہ کیسے دور کی جاسکتی ہیں۔ اگر اس پر اتفاق رائے ہو جائے تو ہمیں سالانہ 300 سے 400 ارب روپے کی بچت ہوگی۔