صوبائی وزیربرائے سوشل ویلفئیرو بیت المال پنجاب کی زیر صدار ت اجلاس کا انعقاد، مظفر گڑھ میں رمضان بازاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

جمعہ 10 جون 2016 16:29

لاہور۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون۔2016ء) صوبائی وزیربرائے سوشل ویلفئیرو بیت المال پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری کی زیر صدارت گزشتہ روز ڈی سی او آفس ملتان میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مظفر گڑھ میں رمضان بازاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر ڈی سی او مظفر گڑھ حافظ شوکت علی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مظفر گڑھ میں کل آٹھ رمضان بازار لگائے گئے ہیں جن میں سے3 کو ٹ ادو ،2جتوئی ، 1 تحصیل علی پور جبکہ 2 مظفرگڑھ کے نسبتاً پسماندہ علاقوں میں نصب کئے گئے ہیں ۔

جہاں رمضان کے حوالے تمام اشیاء ضروریہ بشمول پھل ،سبزیاں، دالیں ، آٹا، مناسب داموں فروخت کی جارہی ہیں ۔ دوکاندار سرکاری نرخوں پر چیزیں فروخت کر رہے ہیں مزیدبرآں خریداروں کی سہولت کے لئے سٹالز پر نرخ نامے بھی آویزاں کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او آفس کا عملہ وقتاً فوقتاًبازاروں کا جائزہ لے رہا ہے ۔ خریداروں کی شکایات موقع پر ہی دور کی جارہی ہے ۔

صوبائی وزیر نے ڈی سی او کو تاکید کی کہ وہ بازاروں کے معائنے کے دوران عوام کے ساتھ بھی رابطے میں رہیں تاکہ مانیٹرنگ کے عمل کو زیادہ موثر بنا یا جا سکے اور وزیر اعلیٰ کے رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی رمضان بازاروں کا دورہ کریں گے ۔ شکا یات کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا یا جائے گا ۔ سیدہارون احمد سلطان بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان بازاروں کے لئے سبسڈی میں اضافے کا عمل بہت مستحسن ہے ہمیں اس پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر اپنی منصبی واخلاقی ذمہ داری پو ری کرنی ہے اور ماہ ر مضان کی بر کتیں سمیٹنی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :