سندھ ہائیکورٹ نے فلم مالک پر پابندی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

جمعہ 10 جون 2016 16:01

سندھ ہائیکورٹ نے فلم مالک پر پابندی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء)سندھ ہائی کورٹ نے فلم مالک پر پابندی کے خلاف درخواست پر ایک بار پھر فیصلہ محفوظ کرلیاہے ۔ جمعہ کوسندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ڈویژن بینچ میں فلم مالک پر پابندی کے خلاف فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر عاشر عظیم کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔ سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے رات کو سوچا ، اس کیس میں مزید دلائل سننے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

لہذا وکلا مزید دلائل دیں ۔ عاشر عظیم کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دستور کی دفعہ 142 اور 144 کے تحت وفاقی مقننہ کو وفاقی لسٹ میں آنیوالے مضامین پر قانون سازی منع ہے ۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فلم سے قابل اعتراض حصے نکال دیئے جائیں تو ہمیں اعترض نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں کچھ سین نکال دیئے گئے جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں قابل اعتراض حصے ریلیزکردیئے گئے ۔ سندھ ہائی کورٹ نے دلائل دوبارہ سننے کے بعد فیصلہ ایک بار پھر محفوظ کرلیا ۔