شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری

جمعہ 10 جون 2016 14:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں القاعدہ برصغیرکے دودہشت گردوں، سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے کارکن سمیت 9ملزمان کوگرفتارکرلیاہے ۔گرفتارملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی گلشن اقبال کے علاقے فہد گارڈن بلاک 13 ڈی میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیاہے۔ دہشتگردوں کی شناخت عبدالباسط رشید اور محمد نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دہشتگرد اعلی تعلیم یافتہ اور افغانستان سے دہشتگردی کی تربیت لے چکے ہیں، ان کے قبضے سے اینٹی ائیرکرافٹ گن ، 70 راؤنڈز ، 5 کلو بال بیئرنگ ، ہینڈ گرنیڈ ، ڈیٹونیٹر ایک کریکر بال بم، دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

گرفتار دہشتگرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں ۔پولیس کا دعوی ہے کہ گرفتار دہشت گرد شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے۔ ملزمان جدید اسلحہ چلانے،کھولنے اور جوڑنے کے ماہربھی بتائے جاتے ہیں۔دوسری جانب ابوالحسن اصفہانی روڈ اقرا سٹی فیز 2 میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے سیا سی جماعت کے یونٹ33/اے کے کارکن عقیل عباس کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

ادھرماڈل کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے دو مفرور ملزمان ذوالقرنین اور لائق اللہ کو گرفتار کرلیاہے۔کارروائی کے دوران 4 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیکر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاہے جبکہ اتحاد ٹاون پولیس نے منشیات فروش خداداد عرف طالب خان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق خداداد عرف طالب خان کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمد ہوئی ہے

متعلقہ عنوان :