ڈی سی اومنڈی بہاؤالدین اورڈی پی اوکاعلی الصبح سبزی وپھل منڈی کادورہ

پھلوں اورسبزیوں کی قیمتوں کے تعین کے عمل کی ازخودنگرانی سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی کونیلامی کے وقت موقع پرموجودرہنے کی ہدایت

جمعرات 9 جون 2016 22:33

پھالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جون ۔2016ء)ڈی سی او منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال اور ڈی پی او راجہ بشارت محمود نے علی الصبح سبزی و پھل منڈی کا مسلسل دوسرے روزدورہ کرکے پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کے تعین کے عمل کی نگرانی کی۔ انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو سختی سے ہدایت کی کہ نیلامی کے وقت وہ خود موقع پر موجود رہیں۔نرخوں میں ہرگزبے جا اضافہ نہیں ہونا چاہۓے۔

ڈی سی او نے بعدازاں دن کے وقت رمضان بازار، ڈی ایچ کیو ہسپتال، زیرتعمیر جناح پارک اور ریسٹ ہاؤس کے بھی دورے کئے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے او پی ڈی کے باہر غلط پارکنگ پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر پرائیویٹ گاڑیاں ہٹانے کی ہدایت کی۔انہوں نے وارڈوں میں ائیرکنڈیشنرز چالو ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مریضوں کو گرمی میں ٹھنڈا ماحول دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

مظفر خان سیال نے ہسپتال کے باہر نیون سائن نصب کرنے میں تاخیر پر ناپسندیدگی ظاہر کی اور کہا کہ فوری طور پر نیون سائن نصب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ داخلی دروازے کی آرائش کا کام مکمل ہونے پر عمارت کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ اس دوران کئی مریضوں نے ڈی سی او سے مصافحہ کیا اور کہا کہ ان کی ذاتی توجہ سے ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی کا گراف اوپر چلا گیاہے۔ ای ڈی او فنانس میاں ظہیرالدین اور ایم ایس ڈاکٹر ظفراﷲ گوندل نے انہیں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ڈی سی اونے کینال جناح پارک کی تعمیر کا کام بھی مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ ڈی او فاریسٹ محمد علی بٹ سے ریسٹ ہاؤس کو سرسبز بنانے کا پلان 2روز کے اندر طلب کرلیا۔