اسلامی جمعیت طالبات کا قرض حسنہ مہم کا اعلان

رمضان المبارک کے دوران کارکنان میں اﷲ کی راہ میں خرچ کرنے کا جذبہ پروان چڑھایا جائیگا

جمعرات 9 جون 2016 22:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء ) اسلامی جمعیت طالبات راولپنڈی نے رمضان المبارک میں انفاق فی سبیل اﷲ کو پروان چڑھانے کے لئے 30روزہ ’قرضہ حسنہ مہم‘ چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے دوران طالبات میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اﷲ کی راہ میں خرچ کرنے کے جذبے کو پروان چڑھایا جائے گا اور اس کی اہمیت اور افادیت سے متعلق انہیں آگاہ کیا جائے گا، اسلامی جمعیت طالبات راولپنڈی کی ناظمہ سیدہ ھنیا رضا نے عذرا بتول کو اس مہم کا انچارج مقرر کیا ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کا سلوگن سورۃ آل عمران کی آیت: تم نیکی کو نہیں پہنچ سکتے جب تک کہ اپنی وہ چیزیں اﷲ کی راہ میں خرچ نہ کرو جنہیں تم عزیز رکھتے ہو، طے کیا گیا ہے، اس مہم کے مقاصد میں کارکنانِ جمعیت کے اندر اﷲ کی راہ میں خرچ کرنے کی عادت پیدا کرنا، انفاق کی تڑپ پیدا کرنا اور اس کے ذریعہ سے اپنے مال کو پاک کرنا شامل ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے دوران اپنے جیولری،بیگ،سوٹ دیگراپنی پسند یدہ ومحبوب چیزیں اﷲ کی راہ میں خرچ کی جائیں گی، دیگر طالبات ، اپنے گھر والوں اور دوست احباب کو بھی انفاق پر آمادہ کیا جائے گا اور انفاق سے متعلق آیات ، احادیث اور اقوام کی تشہیر کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :