سندھ ہائیکورٹ،ایان علی کی ای سی ایل میں نام شامل کرنے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت جمعہ تک ملتوی ،وزرات داخلہ سے رپورٹ طلب

جمعرات 9 جون 2016 20:46

سندھ ہائیکورٹ،ایان علی کی ای سی ایل میں نام شامل کرنے کیخلاف دائر درخواست ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جون ۔2016ء) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس صادق حسین بھٹی پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے ماڈل گرل ایان علی کی ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے وزرات داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک مجھے وزرات داخلہ کا جواب نہیں ملا۔

مجھے افسوس ہے کہ آفس کا فیکس خراب ہونے کے باعث فیکس وصول نہیں کرسکا ، سماعت جمعہ تک ملتوی کردیں تاکہ میں جواب حاصل کرسکوں۔ کچھ دیر کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاق نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے لیکن سپریم کورٹ نے فیصلے کو معطل نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ایان علی کے وکیل قادر خان مند خیل کا کہنا تھا کہ آج چوتھی سماعت ہے یہ جان بوجھ کر جواب داخل نہیں کر رہے ، عدالت آج ہی فیصلہ سنائے کیونکہ ایان علی کے بیرون ملک جانے کے رات کے ٹکٹس بک ہیں جس پر عقیل احمد نے کہا کہ یہ آپ کی غلطی ہے آج کے ٹکٹس کیوں بک کرائے، آپ کو فیصلے کے بعد ٹکٹس بک کرانے چاہِیے تھے۔

عدالت نے سماعت جمعہ تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے اور جن کے نام ای سی ایل کی ویب سائیٹ پر شامل کرنے ہیں ان کے نام شامل کرکے رپورٹ پیش کریں۔