پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی کا خواجہ آصف کے شیریں مزاری کے خلاف نازیباً الفاظ پر غم وغصے کااظہار

جمہوری روایات کے منافی اور آمرانہ سوچ کا حامل قرار دیا

جمعرات 9 جون 2016 20:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی شگفتہ جمانی اور ثریا جتوئی نے وفاقی وزیر پانی وبجلی اور دفاع خواجہ آصف کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کے خلاف نازیباً الفاظ ادا کرنے پر شدید غم وغصے کااظہار کرتے ہوئے اسے جمہوری روایات کے منافی اور آمرانہ سوچ کا حامل قرار دیا ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں ایک منتخب رکن پارلیمان کی اس طرح تذلیل نہیں کی جاسکتی اور جو کوئی اس امر کا ارتکاب کرے تو اسے پارلیمان سے باہر پھینک دیا جاتا ہے لیکن چونکہ مسلم لیگ کا وطیرہ ہی یہ ہے کہ وہ غیر مہذب انداز میں مخالفین کو مخاطب کرتے ہیں کیونکہ آمریت ان کے رگوں میں خون بن کر دوڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی یہ مذموم حرکت دانستہ تھی کیونکہ وہ پانامہ لیکس اور قوم کو بجلی دینے کے وعدے سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی ان کی اس کوشش کو ملیا میٹ کر دے گی۔خواجہ آصف ملک کے نہیں بلکہ وزیراعظم اور آئی ایم ایف کے دفاع کے وزیر ہیں جو دوسروں کو شرم اور حیا کا درس دیتے ہیں لیکن شرم اور حیا خود کبھی ان کے پاس سے ہو کر نہیں گزری۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ خواجہ آصف کی قومی اسمبلی کی رکنیت فوری طور پر معطل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین اور اقلیتوں کے مسائل اور ان کے حقوق کی ترجمان اور پاسدار پارٹی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :