مون سون میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں‘جواد اکرم

ماک ایکسر سائز دہرالی گئیں،دریا،ندی،نالوں کے بندوں اور پشتوں کو مضبوط بنانے کی ہدایت جاری محکمہ موسمیات متحرک،لائف جیکٹس،ٹینٹس،پینے کا پانی اور خوراک کے ذخائر کر لئے گئے ‘ڈی جی پی ڈی ایم اے

جمعرات 9 جون 2016 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء ) آئندہ مون سون کے دوران کسی بھی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ اضلاع کی سطح پر بھی ایسی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے،سیلاب سے بچاؤ کی فرضی مشقیں دہرائی گئی ہیں،محکمہ آبپاشی نے دریاؤں اور ندی نالوں کے بند اور پشتوں کو مضبوط اور محفوظ بنانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں،اسی طرح محکمہ لوکل گورنمنٹ،ہاؤسنگ،سی اینڈ ڈبلیو،صحت اور آرمی نے بھی اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

یہ بات ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب جواد اکرم نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

جواد اکرم نے اجلاس کو بتایا کہ ضلعوں کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیزکی ڈیمانڈ کے مطابق لائف جیکٹس خرید لی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کو روزانہ،ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر دریاؤ میں پانی اور موسم کی صورتحال پر رپورٹس متعلقہ محکموں کو دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ضلعی اتھارٹیز کو اپنے طور پر ٹینٹ،پینے کا صاف پانی اور خوراک ذخیرہ کرنے کو کہا گیا ہے۔جواد اکرم نے بتایا کہ محکمے نے ہنگامی حالات میں درکار موبائل واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی خرید لئے ہیں جبکہ تمام محکموں کو2016 کے ہنگامی منصوبہ بندی کے پلان تیارکرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔اسی طرح ریسکیو اور ریلیف کے سامان کی ڈسٹرکٹ انسپکشن کمیٹیوں کے ذریعے جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

بالخصوص ریسکیو کے سامان کے بارے ڈویژن اور صوبائی سطح کی کمیٹیوں کے ذریعے فٹنس سرٹیفکیٹس حاصل کئے گئے ہیں۔ریلیف آئٹمز کی مرمت اور لوازمات سمیت پیکنگ کے امور بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اس وقت اضلاع کے پاس 18949ٹینٹ،319 موٹر بوٹس،355 کشتیاں،6284پلاسٹک میٹس،8821 مچھر دانیاں،8521 ڈی واٹرنگ موٹرز،5372لائف جیکٹس،962 لائف رنگز اور664 کمبل موجود ہیں تاہم اضلاع کی مزید ضروریات کی مطابق انہیں سامان فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول اینڈ کمیونیکشن سنٹر بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لئے جلد فنکشل کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :