حکومت عوامی ریلیف پر یقین رکھتی ہے، نوازشریف کی قیادت میں 2018تک بجلی بحران ختم ہوجائیگا، میاں عالم دادلالیکا

جمعرات 9 جون 2016 20:11

بہاولنگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری موصلات وایم این اے میاں عالم دادلالیکا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی ریلیف پر یقین رکھتی ہے قائد میاں محمد نوازشریف اور شہباز شریف کی قیادت میں 2018تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار میاں عالم داد نے نجی ہال میں نومنتخب کونسلرچوہدری محمد اسلم کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان ونومنتخب کونسلروں چوہدری غلام ربانی،پیزادہ امجد اقبال،ریاض شاہد،غلام محی الدین ،رؤف بھٹی ،انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری شیخ فضل الہٰی،سابق ناظم مظہرحیات گجرنے شرکت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل بہاولنگر کی عوام کو محرومیوں سے نکالنے کیلئے ترقیاتی کاموں کو جال بچھادیا ہے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے تقریبا20کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے بوسیدہ پائپوں کو جلد تبدیل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ایک ارب کی لاگت سے میڈیکل کالج کی تعمیرکا کام تیزی سے جاری ہے ۔آئندہ آنے والے سال میں میڈیکل کالج میں کلاسزکا آغازہوجائے گاجس سے نہ صرف ضلع سمیت جنوبی پنجاب کے عوام کو صحت کی سہولتوں کے ساتھ میڈیکل کے شعبہ میں انقلاب آئے گا،وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے حکم پر موجودہ بجٹ میں کسانوں اور کاشتکاروں جو ریلیف دیا اسکی مثال سابقہ ادوایہ میں نہیں ملتی۔