بھارت کونیوکلیئرسپلائزرگروپ کی رکنیت دینے سے خطے میں ایٹمی عدم توازن پیداہوگا‘میاں مقصوداحمد

ملک دشمن ایجنسیوں کو غیر موثربنانے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت کا اتفاق خوش آئند ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 9 جون 2016 18:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے دشمن ایجنسی کو غیر موثر بنانے کیلئے سیاسی وعسکری قیادت کے درمیان اتفاق کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دشمن قوتیں پاکستان کے حالات خراب کررہی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ضرورت اس امرکی ہے کہ پاکستان سے راء،موساد اور سی آئی اے کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے۔

یہ ملکی بقاء وسلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔بھارت کو نیوکلیئرسپلائزرگروپ کی رکنیت دینے سے ایٹمی عدم توازن پیداہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے امریکہ کی جانب سے بھارت کی نیوکلیئر سپلائزرگروپ میں شمولیت کی حمایت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کسی ملک کو استثنیٰ دے کر این ایس جی کارکن بنانے سے دفاعی استحکام متاثر ہوگا۔

(جاری ہے)

امریکہ جنوبی ایشیاکے خطے میں طاقت کا توازن خراب کرنا چاہتا ہے۔ایک طرف امریکہ پاکستانی حدود کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون حملے کررہا ہے تودوسری جانب وہ بھارت پر نوازشات کرکے یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ پاکستان کی سلامتی سے اسے کوئی غرض نہیں۔حکومت پاکستان کو اس حوالے سے بھرپورانداز میں عالمی سطح پر آوازاٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ اور بھارت میں بڑھتی ہوئی قربت اس بات کاواضح اشارہ ہے کہ امریکہ جنوبی ایشیامیں اپنی ترجیحات تبدیل کرچکا ہے۔اسے پاکستان سے کوئی سروکار نہیں ہے۔امریکہ نے ہمیں افغانستان میں اپنی جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی بناکرجتنا کام ہم سے لینا تھا وہ لے لیا ہے۔وہ اب بھارت کو خطے میں مرکزی کرداردینا چاہتاہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ایف سولہ طیارے جن کی قیمت بھی اداکی جاچکی ہے نہیں دیئے جارہے جبکہ بھارت کو جدیدمیزائل اور ڈرون طیارے خریدنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔

میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی فوجی قیادت امریکی غلامی کاطوق گلے سے اتارپھینکے اور ہندوستان کے ساتھ دوستی کے خواب دیکھنا چھوڑدے۔18کروڑ عوام نے مسلم لیگ(ن)کو مینڈیٹ ملکی عزت،بقاء اور سلامتی کے تحفظ کے لئے دیا ہے بھارت سے تجارت اور دوستی مسئلہ کشمیر کوحل کیے بغیر ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے بے وفائی کی ہے اب بھی آئندہ اس سے کوئی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہئے۔