22ویں ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن کے ارکان اب صرف ججز تک محدود نہیں رہے ٗ شیخ آفتاب احمد

جو رکن بھی آئندہ ایوان میں بجٹ پر بحث کے دوران موجود نہیں ہوگا وہ بحث میں حصہ نہیں لے سکے گا ٗرضا ربانی

جمعرات 9 جون 2016 18:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ 22ویں ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن کے ارکان اب صرف ججز تک محدود نہیں رہے‘ کسی بھی شعبے سے بھی لئے جاسکتے ہیں‘ وزیر قانون کمیٹی کے اجلاسوں کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔ جمعرات کو اجلا س کے دور ان میں سینیٹر عبدالقیوم کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم قوم کے لئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے تاہم ابھی بھی بہت سی اصلاحات ہونا باقی ہیں اور اس کے لئے پارلیمانی اصلاحات کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے 18 اجلاس اب تک ہو چکے ہیں۔

اسی طرح ایک ذیلی انتخابی اصلاحات کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس کے کنوینئر وزیر قانون زاہد حامد ہیں۔

(جاری ہے)

اس کمیٹی کے اب تک 58 اجلاس ہو چکے ہیں۔ وزیر قانون کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائی کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کریں گے۔ اجلاس کے دور ا ن چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ جو رکن بھی آئندہ ایوان میں بجٹ پر بحث کے دوران موجود نہیں ہوگا وہ بحث میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

جمعرات کو ایوان بالا میں رولنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بجٹ پر بحث کے لئے اب وقت کم رہ گیا ہے۔ جمعہ سے جن ارکان کا نام فہرست میں موجود ہوگا انہیں خطاب کے لئے بلایا جائے گا اور اگر وہ موجود نہ ہوئے یا تقریر کے لئے تیار نہ ہوئے تو پھر وہ بحث میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اس سلسلے میں ارکان کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھی آگاہ کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :