ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافے کی ادائیگی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا ٗریا ض حسین پیرزادہ

جمعرات 9 جون 2016 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافے کی ادائیگی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ جمعرات کو اجلاس کے دور ان سینیٹر میاں عتیق شیخ کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کیا ہے۔

حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ پنشن میں اضافہ لوگوں کو مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 60 سال کی عمر میں ریٹائرڈ ہونے والوں کو مکمل مراعات دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں اضافے کے بعد اب اس کی ان پنشنرز کو ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔اجلاس کے دور ان سینٹ میں وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کے رواں مالی سال کے لئے بجٹ اور اس کے استعمال سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی رپورٹ ایوان میں پیش کردی گئی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے چیئرمین کامل علی آغا نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔