ماں کے ہاتھوں پسند کی شادی پربیٹی کا قتل” ممتا“ جیسے مقدس رشتے کی بے حرمتی ہے۔ خلیل طاہر سندھو

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 9 جون 2016 17:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 09 جون۔2016ء ) پنجاب کے وزیر برائے انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل درندگی اور حیوانیت کی بد ترین مثال ہے ،کوئی بھی معاشرہ ایسے بدترین فعل کی اجازت نہیں دیتا۔ماں کے ہاتھوں پسند کی شادی پربیٹی کا قتل” ممتا“ جیسے مقدس رشتے کی بے حرمتی ہے،بیمار ذہنیت کے حامل لوگ معاشرے کے امیج کو داغدار کررہے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیم کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو نے لاہور میں زینت نامی لڑکی کا کورٹ میرج پر والدہ اور بھائیوں کی جانب سے زندہ جلانے اور قتل کرنے کے عمل کو انتہائی قابل مذمت اور بدترین فعل قرار دیا اور کہا کہ ہمارا معاشرہ کسی بھی فرد کو غیرت کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

ایسے واقعات بین الاقومی سطح پر پاکستان کا منفی تاثر پیدا کرتے ہیں۔

ایسے گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔وفد میں شامل خواتین ارکان نے ایسے افسوس ناک واقعہ پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کا دائرہ کار بدقسمتی سے قبائلی اور دوردراز علاقوں کے علاوہ بڑے شہروں میں بھی پھیل گیا ہے۔ ایسے واقعات پر قانون سازی مزید بہتر کرنے اور خواتین میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے، ماں کے ہاتھوں بیٹی کا قتل ،خواتین کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

وفد میں شامل خواتین نے زینت کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو 48گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کاحکم دیاہے۔ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں تین رکنی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شواہد کو فرانزک لیب کے ذریعے ٹیسٹ کرکے واقع میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں ہرممکن اقدام اُٹھائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں ماضی کی نسبت کمی واقع ہوئی ہے تاہم سول سوسائٹی اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں کو اس حوالے سے آگاہی پھیلانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔