عالمی تبلیغی مرکز رائے ونڈ میں ٹریفک کے دیرینہ گھمبیر مسائل کے فوری حل کیلئے نئے بائی پاس کی منظوری

جمعرات 9 جون 2016 17:48

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء )مشیر وزیر اعظم ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھرعالمی تبلیغی مرکز رائے ونڈ کی متعلقہ یونین کونسل رائے ونڈ رورل 272میں ٹریفک کے دیرینہ گھمبیر مسائل کے فوری حل کیلئے چیئرمین داؤد احمد خاں کی تجویز پر نئے بائی پاس کی منظوری دیدی ،6کلو میٹر نئی کارپٹ سڑک 10کروڑ روپے کی لاگت سے جلدتیار کی جائے گی ، منصوبہ کی تعمیر کے افتتاح پر منعقدہ جلسہ میں محلہ مرتضیٰ آباد ،امین پورہ ،تبلیغی مرکز اور ملحقہ آبادیوں کے سینکڑوں مکینوں نے ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر اور چیئرمین یوسی داؤد احمد خاں کو شہریوں کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے پر بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا ،نیا بائی پاس محلہ مرتضیٰ آباد ،امین پورہ ،حویلی امیر دین والی سے ہوتا ہوا للیانی پھاٹک سے کوٹرادکھاکشن روڈ میں شامل ہوگا جس سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی واقع ہوگی ،اس مسئلہ کے حل کا وعدہ بلدیاتی الیکشن کے دوران ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے چیئرمین یوسی داؤد احمد خاں اور ان کی عوام سے کیا تھا ، جلسہ کے دوران ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ،رائے ونڈ کے پسماندہ علاقوں میں واٹر سپلائی سیوریج ،سوئی گیس بجلی اور ترقیاتی منصوبہ جات کے باقی ماندہ کاموں کیلئے کروڑوں روپے کے مزیدنئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جو چیئرمین داؤد احمد خاں اور وائس چیئرمین رانا پرویز ارشد کی مشاورت سے جلد ازجلد لگائے جائیں گے ۔چیئرمین داؤد احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے رائے ونڈ کی پسماندہ آبادیوں کیلئے جتنا فنڈ دیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ نئے بائی پاس سے علاقہ ماڈل بن جائے گا ،ٹریفک کے مسائل حل ہونے سے ترقی کے عمل میں تیزی آئے گی ۔