الخدمت نے مواخات پروگرام کے تحت70.5ملین کے بلاسود قرضے دیے ،نعمت اللہ خان

جمعرات 9 جون 2016 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) بے روز گاری معاشرے کا سب سے بڑامسئلہ ہے ،روزگار کے بغیر خاندانی نظام نہیں چل سکتا اور معاشرے میں طرح طرح کے مسائل جنم لیتے ہیں ،الخدمت مائیکروفنانس پروجیکٹ کے تحت بلا سود قرضے فراہم کرکے بے روزگاروں کو ان کے پیروں پر کھڑا کر کے معاشرے کا کار آمد شہر ی بنا نے کی جدوجہد کر رہی ہے ،یہ بات سابق ناظم کر اچی نعمت اللہ خان نے ایک بیان میں کہی ،انہوں نے کہا کہ مائیکروفنانس پراجیکٹ کو مواخات پروگرام کا نام دیا گیا ہے ،پروگرام کے ذریعے اب تک بے روزگاروں میں 70.

(جاری ہے)

5ملین روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں جن سے 2,510 افراد نے استفادہ کیا، انہوں نے کہا الخدمت کے تحت 25سے 50ہزار روپے تک کے چھوٹے قرضے فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ بے روزگار شخص اس سے چھوٹی سطح سے کاروبار شروع کر کے اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکے اور خاندان کی باوقار طریقے سے کفالت کر سکے ،نعمت اللہ خان نے کہا کہ تما م قرضے شفاف طریقے سے حقیقی مستحق بے روزگاروں کو فراہم کیے جا تے ہیں جبکہ ان کی طرف سے ادائیگی بھی آسان اقساط میں کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ مواخات پروگرام کے تحت قرضوں کی واپسی کی شرح 99 فیصد ہے بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی بھی بڑی عباد ت ہے جو الخدمت کر رہی ہے ،انہوں نے کہا صاحب ثروت افراد مواخات پرگرام کی توسیع کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں ۔