لوک ورثہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بچوں کیلئے سمرکیمپ کا انعقاد کرے گا

جمعرات 9 جون 2016 16:25

اسلام آباد ۔ 9 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء) لوک ورثہ نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے کیلئے سمرکیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ سمر کمپ 12 جولائی سے شروع ہو گا اور ایک ماہ جاری رہنے کے بعد11 اگست کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس کیمپ میں بچوں کو سندھی اور پشتو زبانیں سکھانے کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں مشغول رکھا جائے گا۔

اس پروگرام میں شرکت کیلئے بچوں کی رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے ۔ پروگرام میں راولپنڈی اسلام آباد کے بچے جن کی عمر 6 سے 12سال تک ہے شرکت کرسکتے ہیں ۔ کیمپ میں میوزک ، آرٹ ورک ، سٹوری ٹیلنگ اور گیمز سکھائی جائیں گی۔ بچوں کے لئے 3 ہزار روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ گزشتہ سال بچوں کو وخی اور بلوچی زبان سکھائی گئی تھی اور روان سال پشتو اور سندھی سکھائی جائے گی جبکہ آئندہ سال دیگر زبانیں سکھائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

لوگ ورثہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید کا کہنا ہے کہ لوگ ورثہ پاکستان کی ثقافت کے فروغ و ترویج کیلئے اقدامات کررہا ہے اور اس سلسلہ میں نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہارکے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کا فریضہ سرانجاد دے سکیں۔ سمرکیمپ کا انعقاد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

کیمپ کے دوران بچوں کو سندھی اور پشتو زبانیں سکھائی جائیں گی جبکہ اس دوران بچوں کو ہنر مندوں اور دستکاروں سے ملنے کا موقع بھی ملے گا۔ سمر کیمپ کے آخری روز بچوں کو لوک ورثہ ہیرٹیج میوزیم، پاکستان مانومنٹ میوزیم ، پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری اور دیگرمقامات کا تعلیمی دورہ بھی کرایا جائے گا اورکیمپ کے اختتام پر بچوں میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔