رمضان بازاروں کی کامیابی حکومت پنجاب کی منظم حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے ،اسسٹنٹ کمشنر

جمعرات 9 جون 2016 15:56

سرگودھا۔9 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء)اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا ہے کہ تحصیل سرگودہا میں قائم تمام رمضان بازاروں میں کھجوروں کی فروخت کیلئے الگ الگ سٹال قائم کئے گئے ہیں جہاں مختلف اقسام کی کھجوریں عام مارکیٹ کی نسبت پندرہ سے بیس روپے کم نرخ پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے رمضان بازاروں میں کھجوروں کے سٹال بند کئے جانے کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایاکہ ہر رمضان بازار میں کھجوروں کی فروخت کیلئے تین تین سٹال قائم کئے گئے ہیں جہاں سے پاکستانی او رایرانی کھجوروں کی فروخت ہو رہی ہے ۔

بعض سٹالز سے ایرانی کھجور کی کمی کی شکایات پر انتظامیہ نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹالز پر ایرانی کھجور سمیت دیگر اعلیٰ کوالٹی کی کھجوروں کی سپلائی کو یقینی بنادیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے تاثر کوبے بنیاد قرار دیتے ہوئے بتایا کہ دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 290روپے، جبکہ بیس کلوآٹے کاتھیلا610 روپے ‘،چینی عام مارکیٹ سے پانچ روپے فی کلو کم اسی طرح مشروبات، مصالحہ جات او ردیگر کھانے پینے کی ا شیاء کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ سے کم ریٹ پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں ۔

عوام الناس کا رمضان بازاروں میں بے پناہ رش ان بازاروں کی کامیابی او رحکومت پنجاب کی منظم حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے ۔ رمضان بازاروں میں مہیا کی جانے والی تمام اشیائے ضروریہ کا معیار نہایت اعلیٰ او رقیمتیں عام مارکیٹ کی نسبت کم ہیں۔