سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا بھکاریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن

جمعرات 9 جون 2016 15:56

راولپنڈی۔09 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے راولپنڈی کی شاہراہوں اور چوراہوں پر بھکاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کیا۔ اس ضمن میں گزشتہ ماہ کے دوران پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں 87ایف آئی آر درج کرا دیں جبکہ26بچوں کو بھیگ مانگنے پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کرتے ہوئے کل117 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک میں بھکاریوں کے خلاف قانونی کاروائی کو منظم اور موثر بنا کر مزید تیز کر دیا گیا اس حوالے سے قائم مقام چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی افتخار الحق نے بتایا کہ ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی محمد وصال فخر سلطان راجہ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی اور ضلع پولیس کا مشترکہ خصوصی” اینٹی بیگرز سکواڈ“ راولپنڈی شہرکی مختلف شاہراہوں اور چوراہوں میں روڈ یوزرز سے بھیگ مانگنے والے بھکاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کراوئی جا رہی ہیں تاکہ گداگری جیسی لعنت کو معاشرے سے ختم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بھکاریوں کے خلاف قانونی کاروائی کو مزید تیز کر دیا گیا ہے قائم مقام چیف ٹریفک آفیسرافتخار الحق نے اس سلسلے میں شہریوں سے درخواست کی کہ وہ بھکاریوں کے خلاف کسی بھی قسم کی شکایت پر ٹریفک پولیس راولپنڈی کی ہیلپ لائنز 1915اور051.9272616 پر رابطہ کریں انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آن گراؤنڈ شاہراؤں پر عوام الناس کو ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ۔