فلمسٹار نور نے لڑائی جھگڑا اور تشدد کرنے پر اپنے مبینہ شوہر ولی حامد خان کیخلاف پولیس کو درخواست دیدی

جمعرات 9 جون 2016 13:17

فلمسٹار نور نے لڑائی جھگڑا اور تشدد کرنے پر اپنے مبینہ شوہر ولی حامد ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) فلمسٹار نور نے لڑائی جھگڑا اور تشدد کرنے پر اپنے مبینہ شوہر ولی حامد خان کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی میں درخواست دیدی۔ ذرئع کے مطابق اداکارہ نور اور ان کے مبینہ شوہر ولی حامد خان کے درمیان کافی عرصے سے لڑائی جھگڑے ہو رہے تھے ، چند روز قبل بھی دونوں کے درمیان کسی بات پر تکرار ہوئی جو جھگڑے کی صورت اختیار کر گئی ۔

اس دوران ولی حامد خان نے نور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس کے بعد نور نے تھانہ ڈیفنس بی میں تشدد اور مار پیٹ کرنے پر ولی حامد خان کے خلاف درخواست دے دی ۔ اس حوالے سے تھانہ ڈیفنس میں موجود ڈیوٹی آفیسر نے بھی تصدیق کی ہے کہ اداکارہ نور نے ولی حامد خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی جس پر اداکارہ کو اپنا طبی معائنہ کروانے کی ہدایت کی گئی مگر اداکارہ نے ابھی تک تھانے میں اپنی طبی معائنے کی رپورٹ پیش نہیں کی ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نور سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا ۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ نور نے ولی حامد خان سے طلاق لینے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے ۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ نور طلاق لینے کے بعد اپنے سابق شوہر سے دوبارہ شادی کر لیں گی ۔ یاد رہے کہ فلمسٹار نور اس سے قبل ویکرم ، فاروق مینگل اور مون چوہدری سے شادی کر چکی ہیں اور ولی حامد خان کے ساتھ ان کی مبینہ طور پر چوتھی شادی ہے ۔ ذرئع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ بہت جلد نور اور ولی حامد خان کے راستے جدا ہونے والے ہیں۔

متعلقہ عنوان :