لِنڈسے لوہان اور نبیلہ ایک ساتھ نئے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں

میں اپنے کاروبار کو عالمی سطح پر پھیلانے کا ارادہ کر رہی ہوں ‘میک اپ آرٹس نبیلہ

جمعرات 9 جون 2016 12:23

لِنڈسے لوہان اور نبیلہ ایک ساتھ نئے پراجیکٹ پر کام کر رہی ہیں

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) ہولی وڈ کی مقبول اداکارہ لِنڈسے لوہان نے حال ہی میں پاکستان کی کامیاب میک اپ آرٹس نبیلہ کے ساتھ اپنے انسٹاگرام اکاوٴنٹ پر ایک تصویر شئیر کی تھی جس کے بعد سب کا یہی سوال تھا کہ کیا یہ دونوں ایک ساتھ کسی نئے پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں؟اس تصویر پر لِنڈسے کا کہنا تھا کہ وہ نبیلہ کے ساتھ کام کررہی ہیں لیکن انہوں نے اپنے کام کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا۔

کیا لِنڈسے پاکستان آنے والی ہیں؟ یا پھر نبیلہ اپنے میک اپ برانڈ کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کا ارادہ کر رہی ہیں ایسے کئی سوالات ہمارے ذہن میں آئے تاہم نبیلہ نے خود ان سب کا جواب دے دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں نبیلہ کا کہنا تھا ’میں اپنے کاروبار کو عالمی سطح پر پھیلانے کا ارادہ کر رہی ہوں لیکن اس وقت لِنڈسے اور میں جدید دور کی غلامی کے خاتمے کے لیے خیراتی کاموں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارے بزنس کا مقصد صرف یہ نہیں ہے کہ ہم مالی کامیابی پر غور کریں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہم سماجی ذمہ داریاں بھی پوری کریں، اس کی توسیع کے لیے قابلیت کو جنس، تعلیم اور مذہبی پس منظر کے بغیر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے اور ہم دونوں ان مقاصد کے لیے بہت پرعزم ہیں۔نبیلہ اس خیراتی کام میں پاکستان یا پاکستانی شخصیت کے ساتھ کام کیوں نہیں کر رہی، اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا ’مستقبل میں ‘میں پاکستان کی کچھ شخصیات کے ساتھ بھی کام کروں گی، جب لِنڈسے نے مجھ سے رابطہ کیا تھا میں پہلے سے ہی اس خیراتی کام میں مصروف تھی اور ویسے بھی میں پہلے سے ہی اپنے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر لے جارہی ہوں۔

اس پروجیکٹ کے علاوہ کیا لِنڈسے اور نبیلہ کسی اور پروجیکٹ پر کام کریں گی، جس میں اداکارہ کا میک اوور یا کوئی ماڈلنگ شوٹ شامل ہو؟ جس پر نبیلہ نے کہا ’اس کے بارے میں سوچا جائے گا۔واضح رہے کہ نبیلہ کو پاکستان میں فیشن اور اسٹائل کے ٹرینڈ سیٹر کے طور پر جانا جاتا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح ہر کیا کمال کر کے دکھائیں گی۔

متعلقہ عنوان :