وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کی سیکرٹری آف سٹیٹ برائے بین الاقوامی ترقی جسٹین گریننگ کی ملاقات

پاک برطانیہ اقتصادی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال

منگل 7 جون 2016 20:54

اسلام آباد۔7 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جون ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کی سیکرٹری آف سٹیٹ برائے بین الاقوامی ترقی جسٹین گریننگ نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاک برطانیہ اقتصادی تعاون کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی ترقی کے حوالہ سے بھی بات چیت کی۔

وزیر خزانہ نے مس گریننگ کو بتایا کہ موجودہ حکومت معاشی بحالی کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے اور گذشتہ تین سال کے دوران اقتصادی اعشاریوں میں مسلسل بہتری ہو رہی ہے۔ انہوں نے برطانیہ سمیت دیگر ترقیاتی شراکت داروں کی اقتصادی اصلاحات پروگرام کے حوالہ سے حکومت کی معاونت کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے مس گریننگ کو بتایا کہ ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور اس سے شدت پسندی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ میں مدد ملی ہے اور اب ان علاقوں میں انتظامی اور گورننس کی اصلاحات کے تحت بحالی کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

مس گریننگ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا طویل عرصہ سے شراکت دار ہے اور وہ اس اصلاحات کے پروگرام میں معاونت جاری رکھے گا جس کا مقصد پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے گذشتہ تین سال کے دوران متعدد چیلنجز کو ختم کیا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کی طرف سے ملکی معیشت کے حوالہ سے کئے جانے والے دانشمندانہ فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اعشاریوں میں ہونے والی نمایاں بہتری وزیر خزانہ کی قیادت کی معترف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں رونما ہونے والی نمایاں بہتری بھی قابل قدر اور حوصلہ افزاء ہے۔ ملاقات کے دوران فریقین نے نئے ترقیاتی شراکت داری معاہدہ کو حتمی شکل دینے کیلئے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا جو آئندہ 10 سال کیلئے ہو گا اور دونوں رہنماؤں نے اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ترقیاتی شراکت داری کا موجودہ معاہدہ رواں سال ستمبر میں مکمل ہو رہا ہے۔ اس موقع پر فنانس ڈویژن، اقتصادی امور ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :