جعلی ادویات تیاراو رفروخت کرنے والے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں:شہبازشریف

مکروہ دھندہ کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے،ایسے قبیح کاروبارمیں ملوث افراد کی جگہ جیل ہے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کا لندن سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 7 جون 2016 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جون ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ کی بہتری او رعوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے۔عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے وسائل دیئے گئے ہیں۔صحت کے شعبہ میں بہتری لانے اور علاج معالجہ کی سہولتیں کو بہتر بنانے کے لئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

دور دراز علاقوں میں طبی عملے کی کمی دور کرنے او رادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں اور پنجاب حکومت نے معیاری طبی سہولتوں کے لئے پہلے بھی وسائل دیئے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار لندن سے ویڈیوکانفرنس کے ذریعے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی مشن ہے اورہم سب کو مل کراس مشن کو پورا کرنا ہے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اور صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی اور اس مقصد کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو انتہائی متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ علاج معالجے کی بہترین سہولتوں تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم سب نے مل کر صحت کی سہولتوں کو بہتر بنا کر یہ حق عوام کو لوٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری ادویات کی تیاری اور فراہمی کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے ۔ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اداروں کو موثر انداز میں کام کرنا ہوگا اور اسی طرح ادویات کو مناسب طریقے سے سٹور کرنے کے حوالے سے جامع میکنزم وضع کرناضروری ہے۔

جعلی ادویات تیاراو رفروخت کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ جعلی ادویات تیار و فروخت کرنے کا مکروہ دھندہ کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے موت کے سوداگروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی اورایسے قبیح دھندے میں ملوث افراد کی جگہ جیل ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے کیونکہ مریضوں کو کوالٹی ادویات پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر سروسز کو بہتر بنانے کیلئے کثیرالجہتی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ میسر آسکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹر قائم کیاجا رہاہے اور یہ منصوبہ صحت عامہ کی سہولتوں میں ایک شاندار اضافہ ہوگا ۔ منصوبے کی تکمیل سے گردے اورجگر کے امراض کے حوالے سے جدیدترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سینٹرپاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہوگا اور یہ منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔