رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے منتخب نمائندے اورصوبائی انتظامیہ کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں

ضروری اشیائے صرف کی دستیابی میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے:وزیراعلیٰ

منگل 7 جون 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جون ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن سے صوبائی کابینہ برائے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے منتخب نمائندے اورصوبائی انتظامیہ کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور عوام کو معیاری اشیائے صرف کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اوررمضان بازاروں میں نرخ ناموں کو نمایاں طور پرآویزاں کیا جائے اور اشیائے خوردو نوش انہی قیمتوں پر فروخت کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ضروری اشیائے صرف کی دستیابی میں کوئی کمی نہ آنے دی جائے اور اشیائے خورد و نوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہو ں نے کہا کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ صوبہ بھرمیں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیائے صرف کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، سیکرٹری صاحبان اور ڈویژنل و ڈسٹرکٹ افسران رمضان بازاروں کے اچانک دورے کریں اور رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیں۔