اگلے3 روز تک بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم ، درجہ حرارت 50ڈگری تک پہنچ سکتا ہے :محکمہ موسمیات

ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت، جیکب آباد51، سبی50،کم سے کم درجہ حرارت 28، اسلام آباد 24، پشاور25، کوئٹہ 17،گلگت 14 ریکارڈ کیا گیا

منگل 7 جون 2016 17:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون ۔2016ء) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے تین روز (منگل سے جمعرات )کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔ بعض جگہوں پر درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات محمد فاروق کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہیں گے ان علاقوں میں ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، بنوں، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی، نصیر آباد ڈویڑن شامل ہیں۔منگل سے جمعرات کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، کوہاٹ، پشاور ڈویڑن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہیگا جبکہ گزشتہ 24گھنٹو ں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ پنجاب کے میدانی علاقے، وسطی اور جنوبی خیبرپختونخوا، بالائی سندھ، سبی اور مکران ڈویڑن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم شام/رات کشمیر، ہزارہ ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن، اسلام آباد اور فاٹا میں بعض مقامات پر تیز/ گردآلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت، جیکب آباد51، سبی50، رحیم یارخان، موہنجوداڑو، بھکر، لاڑکانہ49، روہڑی، نورپورتھل،سکھر 48، دادو، بہاولنگر، بہاولپور، اوکاڑہ47 ڈگری سینٹی گریڈجبکہ آج لاہور اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 28، اسلام آباد 24، پشاور25، کوئٹہ 17،گلگت 14، چترال 15اور ہنزہ میں 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔۔