اسلام ہمیں تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے، مولا بخش چانڈیو

منگل 7 جون 2016 17:12

کراچی ۔ 7 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جون ۔2016ء) صوبائی مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے،اقلیتیں بھی ہمارے برابر کی پاکستانی شہری ہیں،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدوروں کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز مسیحی مزدور اتحاد کے ایک سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں مولا بخش چانڈیو، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ ، میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو، مسیحی مزدور اتحاد کے صدرپرویزحبیب، چیئرمین ڈاکٹر لیاقت منور سرویا ،مزدور اتحاد کے عہدیدران اورمحکمہ ہیلتھ کے ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسیحی ملازمین کے عہدیداروں نے خطاب کیاجس میں ملازمین کی کمی، ہیلتھ، اوورٹائم، پینشن و دیگر مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ نے کہا کہ میں پہلے دن سے مزدورں کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کررہا ہوں اور اب تک بیشتر مسائل حل کردیئے گئے ہیں مزید اگر کسی بھی مزدور کو کوئی بھی مسلہ درپیش ہے تو میرا دروازہ ہمیشہ کھلا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مزدور اتحاد کے صدر، چیئرمین اور ممبران نے مولابخش چانڈیو اور ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ کو ٹوپی ، اجرک اور پھول پیش کئے۔