حکومت کو سڑکوں، پلوں، میٹرو پر پیسے لگانے کے بجائے صحت ، تعلیم پر پیسے لگانے کی ضرورت ہے، فاروق ستار

منگل 7 جون 2016 14:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے کہا کہ ترجیحات کو ٹھیک کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ حکومت کو سڑکوں، پلوں، میٹرو پر پیسے لگانے کی بجائے صحت ، تعلیم پر پیسے لگانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان زرعی ملک ہے تاہم اس کی زراعت کا اجتماعی قتل عام کیا گیا ہے ۔

کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور آپریشن ضرب عضب ہونے کے باوجود سرمایہ کاری میں اضافہ کیوں نہیں ہو رہا؟ منگل کو ایوان زریں میں بجٹ 2016-17ء پر بحث کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان کی ترقی کے لئے اہم ہے۔ سوئس بینکوں میں بڑے پاکستانیوں کے پیسے لانے کے لئے اقدامات کرنے چاہیئے ۔

(جاری ہے)

آف شور کمپنیوں کے مدد سے انکم ٹیکس قانون میں پاکستان میں رہنے والوں اور پاکستان میں نہ رہنے و الوں کے لئے الگ الگ قوانین بنائے گئے ہیں جو کہ کرپشن کا ذریعہ ہیں پاکستان میں نہ رہنے والوں کو چھوٹ دی جا رہی ہے اس فرق کو ختم کر نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ابھی بھی ترجیح سڑکوں ، پلوں کی تعمیر ہے حکومت کی توجہ سڑکوں، پلوں کی بجائے تعلیم، صحت کی طرف ہونی چاہیے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لوگوں کو محتاج بنا رہے ہیں۔ ان کو مواقع فراہم کئے جائیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مائیکرو فائنانس ہیں ۔ تبدیل ہونا چاہیئے۔ پاکستان دنیا کے 6ممالک میں ہے جو موسیاتی تبدیلی سے بہت متاثر ہیں۔ پاکستان ہیٹ ویو سے ھیٹ سٹروک میں تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحات کو ٹھیک کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ عوام دوست بجٹ بنانے کی ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم نے اپنے شیڈول بجٹ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا فارمولا دیا ہے۔ اگر آپ اپنے بجٹ کو عوامی بجٹ میں تبدیل نہیں کر سکتے تو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :