داعش کو پاکستان میں مداخلت کی دعوت دینے پر مولانا عبدالعزیز، ام حسان اور جامعہ حفصہ کی طالبات کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی

منگل 7 جون 2016 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون۔2016ء) داعش کو پاکستان میں مداخلت کی دعوت دینے پر مولانا عبدالعزیز، ام حسان اور جامعہ حفصہ کی طالبات کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے،درخواست سول سوسائٹی کے نمائندے محمد جبران ناصر دائر کی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جامعہ حفضہ کی طالبات نے سماجی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو کے ذریعے لال مسجد آپریشن، اسامہ بن لادن کی ہلاکت پر بدلہ لینے کے لئے داعش کو پاکستان میں مداخلت کی دعوت دی ہے، جبکہ مولانا عبدالعزیز نے ایک دوسری ویڈیو میں جامعہ حفصہ کی طالبات کی ویڈیو کی حمایت کی، یہ اقدام سراسر پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہے، اس تمام تر صورتحال کے باوجود پولیس مقدمہ درج نہیں کررہی،جبکہ ماتحت عدالت نے بھی درخواست خارج کر دی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے عدالت ضلعی عدالت کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دے کر پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے، درخواست میں مولانا عبد العزیز ، اسلام آباد پولیس سمیت اسلام آباد انتظامیہ کو فریق بنایا گیا ہے، یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سول سوسائیٹی کی جانب سے مولانا عبدالعزیز، ام حسان اور جامعہ حفصہ کی طالبات کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے دائر درخواستیں خارج کرچکی ہے، مزید برآں شہدا ء فاونڈیشن کے ترجمان نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان درخواستوں کا مقصد توجہ حاصل کرنے کا علاوہ کچھ نہیں ہے،