انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آگنائزیشن نے ہزاروں مستحق خاندانوں کے لیے رمضان پیکج کی پہلی کھیپ روانہ کردی

منگل 7 جون 2016 14:07

اسلام آباد ۔ 7 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جون۔2016ء) انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آگنائزیشن (آئی آئی آر او) نے اسلام آباد کے مرکزی دفتر سے ہزاروں مستحق خاندانوں کے لیے رمضان پیکج کی پہلی کھیپ روانہ کردی ۔ اس سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری ،پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی اور ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عبدہ بن محمد عتین کی نگرانی میں ہزاروں مستحق خاندانوں کے لیے رمضان پیکج کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او)کی ناقابل فراموش خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ زلزلہ ہو ،سیلاب ہو یا کوئی بھی قدرتی آفت ہو ہر موقع پر آئی آئی آر او نے پاکستانیوں کا ساتھ دیا جس کے لیے ہم انکے مشکور ہیں آئی آئی آر او کی خدمات میں صرف روزہ تک محدود نہیں ہے بلکہ یتیموں کی سرپرستی ،پینے کے پانی کے لئے نلکے ،چھوٹی مساجد اور تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزہروانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی پوری دنیا کہ لیے مثال ہے، کسی بھی مشکل میں پاکستانی قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونا سعودی حکومت اور عوام کا ہمیشہ سے طرہ امتیاز رہا ہے ۔ہر مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام پاکستانی حکومت اوراور عوام کے ساتھ ہوتے ہیں۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ مستحق پاکستانیوں کی امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے سعودی اور پاکستانیوں کا لازوال رشتہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن ڈاکٹر شیخ عبدہ بن محمد عتین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ پاکستانیوں کی خدمت میں پیش پیش رہے ہیں اور آئندہ بھی ہم یہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مستحقین تک امداد پہچانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے انکا کہنا تھا کہ کہ مذکورہ رمضان پیکج کی یہ پہلی کھیپ ہے آئندہ دنوں میں مزید ہزاروں خاندانوں کے لیے رمضان پیکج بھجوایا جائے گا ،انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کی جانب سے بھجوائے جانے والے رمضان پیکج میں آٹا،چینی ،کوکنگ آئل ،باسمتی چاول دالیں کھجور،بیسن ،نمک اور ٹینگ کے پارسل ہزروں مستحقین کو بھجوائے گئے ہیں