Live Updates

رمضان المبارک کے مہینے میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ‘شاہد خاقان عباسی

حکومت ناجائز منافع خوری اور مہنگائی میں اضافے کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے ‘وزیر پٹرولیم کا انٹرویو

منگل 7 جون 2016 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کوئی نیا مسئلہ نہیں ‘ حکومت ناجائز منافع خوری اور مہنگائی میں اضافے کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کوئی نیا مسئلہ نہیں کیونکہ کچھ لوگ رمضان کی آمد پر ناجائز منافع کمانے کیلئے اشیاء استعمال میں بلاوجہ اضافہ کردیتے ہیں جو کہ درست نہیں ہے ‘ حکومت ناجائز منافع خوری اور مہنگائی میں اضافے کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے تاکہ عوام کو ا ستعمال کی اشیاء کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرنے کہا کہ حکومت اس ضمن میں عوام کو سبسڈی بھی فراہم کررہی ہے اور انتظامی امور کے تحت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے داموں اشیاء استعمال کی عوام تک فراہمی کو یقینی بنائے جانے کے ساتھ ساتھ ان اشیاء کی کوالٹی کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جاسکے۔ شاہد خاقان عباسی نے حالیہ بجٹ کو عوام دوست بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں زرعی شعبے سمیت تمام شعبوں کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ‘ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا اور اس کے علاوہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جارہی ہے جوبجٹ کے عوام دوست ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

حکومت کے ان تمام اقدامات سے براہ راست عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا اور وہ خوشحال ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے آج پاکستانی معیشت کے مستحکم ہونے کا اعتراف کررہے ہیں اور وہ ملک جو کہ 2013ء میں دیوالیہ ہونے کے قریب تھا معاشی استحکام کی منزل حاصل کرچکا ہے اور اب بے روزگاروں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں چند ایک گیس لوڈشیڈنگ کے واقعات ہوئے ہیں جن پر حکومت نے کارروائی کی ہے اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کویقینی بنایا جارہا ہے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :