استنبول میں پولیس بس پر بم حملہ7پولیس اہلکاروں سمیت 11افراد ہلاک36زخمی ہوگئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 جون 2016 11:04

استنبول میں پولیس بس پر بم حملہ7پولیس اہلکاروں سمیت 11افراد ہلاک36زخمی ..

استنبول (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07جون۔2016ء) ترکی کے شہر استنبول کے وسطی علاقے میں پولیس کی ایک گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں سات پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ 36 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے تین افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل "ٹی آر ٹی" کے مطابق استنبول کے علاقے 'بایزید' سے گزرنے والی پولیس بس کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

استنبول کے گورنر کے مطابق کار بم دھماکے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 4 شہری ہلاک ہوچکے ہیں اور 36 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان افراد میں سے تین کی حالت انتہائی نازک ہے۔جائے حادثہ پر ایمبولنس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر روانہ کردی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد استنبول یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردئیے ہیں۔

ترکی میں رواں سال کے دوران استنبول شہر میں ہی دو جان لیوا دھماکے ہوچکے ہیں جن کی ذمہ داری داعش پر عاید کی گئی ہے اور اس کے علاوہ انقرہ میں بھی کرد جنگجوﺅں کی جانب سے حملے کئے گئے تھے جس کی ذمہ داری 'کردستان فریڈم فالکنز' نامی گروپ نے قبول کی تھی۔اطلاعات کے مطابق ریموٹ کنٹرول سے کیا جانے والا یہ دھماکہ منگل کی صبح شہر کے مصروف علاقے بایزید چوک کے قریب ہوا اور اس کا ہدف ایک پولیس بس تھی۔

استنبول میں بایزید چوک کا علاقہ ترکی میں آنے والے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔دھماکے سے پولیس کی بس کے علاوہ آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ترکی میں کرد علیحدگی پسندوں اور حکومت کے درمیان کشیدگی اور ہمسایہ ملک شام میں جاری تنازع کی وجہ سے پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

استنبول میں پولیس بس پر بم حملہ7پولیس اہلکاروں سمیت 11افراد ہلاک36زخمی ..

متعلقہ عنوان :