مکمل فٹ ،دورہ انگلینڈ میں وٹیم میں واپسی کی امید ہے : عمر اکمل

پیر 6 جون 2016 16:13

مکمل فٹ ،دورہ انگلینڈ میں وٹیم میں واپسی کی امید ہے : عمر اکمل

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار6جون ۔2016ء )قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازعمر اکمل نے اپنی ناقص فٹنس کی خبریں غلط قرار دیتے ہوئے انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم میں واپسی کی امید کا اظہار کیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں عمر اکمل کا کہنا تھا کہ بطور پروفیشنل ایتھلیٹ ہم فٹنس پر سخت محنت کرتے ہیں تاہم بدقسمتی سے کچھ حلقوں نے یہ افواہیں پھیلا دیں کہ میری فٹنس بہت خراب ہے جس کے باعث میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوں جو بالکل غلط بات ہے ۔

دورہ انگلینڈ کیلئے سلیکٹ نہ ہونے کے سوال پر عمر اکمل نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں خ اگر انہیں ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ دی جاتی ہے تو ان کیلئے یہ بھی کافی ہوگا،ابھی دورہ انگلینڈ کیلئے ون ڈے ٹیم کا اعلان نہیں ہوا اور جب بھی ہوگا تو مجھے اپنا نام اس میں آنے کی پوری امید ہے ، میری یہی خواہش ہے کہ جو ہماری ٹیم اور ملکی کرکٹ کے لیے اچھا ہو وہی کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈسپلن کے حوالے سے سوال پر عمراکمل کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ آنیوالے مہینوں اور سالوں میں مزید پختہ عمر اکمل کو دیکھیں گے ، انکے خیال میں میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ انکے رویے میں وقت کے ساتھ ساتھ پختگی آئی ہے ۔26سالہ بلے باز نے خود کو ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ قرار دیے جانے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ کو نمبر ون فارمیٹ سمجھتے ہیں اور انکا بنیادی مقصد بھی ٹیسٹ کرکٹ ہیں کھیلنا ہے ،وہ ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان جتنا کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ بحیثیت کرکٹر اور انسان میرے لئے عظیم مثال ہیں، دوسری مثال اے بی ڈی ویلیئرز ہیں، وہ ان دونوں کے حاصل کردہ اعزازات اپنے نام کرنا چاہتا ہوں اور ابھی تو وقت میرے حق میں ہے ۔

عمر اکمل نے اپنے نقادوں سے کہا کہ وہ انکا موازنہ دوسروں سے نہ کریں بلکہ انکی کارکردگی کا موازنہ دیگر کی کاکردگی سے کریں،عمر اکمل اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں وہ نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں لیسسٹر شائر فوکسز کی نمائندگی کررہے ہیں۔