سلیکشن کمیٹی کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے،شان مسعود،سمیع اسلم

پیر 6 جون 2016 16:05

سلیکشن کمیٹی کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے،شان مسعود،سمیع ..

لاہور۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 جون۔2016ء) دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے نوجوان اوپنرز شان مسعود اور سمیع اسلم کو ان کی سلیکشن پر ملک بھر سے شائقین کرکٹ اور ان کے رشتہ داروں اور دوستوں کی طرف سے مسلسل مبارکباد کے پیغامات موصول ہور ہے ہیں۔ دونوں اوپنرز کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے انہیں ٹیم میں شامل کرکے جو اعتماد کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ ( بوٹ کیمپ) میں ہم نے سخت ٹریننگ کے بعد اپنی فٹنس کو کافی بہتر بنایا ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں انگلینڈ کی طرح کی وکٹیں اور وہاں استعمال ہونے والے گیند ڈیوک سے بھی پریکٹس کی ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم نے گیارہ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی کارکردگی میں تسلسل لائیں اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور کافی حد تک اپنی کمزوریوں پر قابو پالیا ہے اور دورہ انگلینڈ کے دوران ایک نئے بلے باز کے روپ میں آئیں گے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنا نام بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کنڈیشنز جیسی بھی ہوں ہمارا کام پرفارمنس دینا ہے اور دورہ انگلینڈ میں بہترین پرفارمنس دے کرا پنے انتخاب کو درست ثابت کرنے کی کوشش کریں گے ۔