محمد علی کا جسدِ خاکی آبائی علاقے پہنچا دیا گیا

پیر 6 جون 2016 12:28

لوئی ول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جون۔2016ء)سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن محمد علی کا جسدِ خاکی امریکی ریاست کنیٹکی میں اْن کے آبائی علاقے لوئی ول پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں رواں ہفتے جمعے کو اْن کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔اس سے پہلے خاندان کے ذرائع نے کہا ہے کہ جمعہ کو ان کا بہت بڑا جنازہ منعقد کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر کے لوگوں کو انھیں خداحافظ کہنے کا موقع مل سکے۔

یاد رہے کہ کھیلوں کی دنیا کی شہرہ آفاق شخصیت محمد علی ہفتے کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

(جاری ہے)

لوئی ول ایئر پورٹ سے گاڑیوں کے ایک قافلے کی شکل میں محمد علی کے تابوت کو لوئی ول کے اسلامی سینٹر لایا گیا ہے۔لوئی ول اسلامی سینٹر میں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب میں مسلمان، مسیحی، یہودیوں سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور انھیں خراجِ تحسین پیش کیا۔محمد علی کے خاندان کے ترجمان باب گنیل نے کہا کہ وہ ساری دنیا کے شہری تھے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ان کے جنازے میں شرکت کر سکیں۔باکسنگ کے سابق لیجنڈ محمد علی کے انتقال پر انھیں دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات ملنے کا سلسلہ جاری ہے -