سعودی عرب، خلیجی ممالک اور مشرق بعید میں پہلا روزہ ہوگا،پاکستان میں( منگل) سے رمضان کاآغاز ہونے کاامکان

انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی دارالسلام، سنگا پور،ترکی، فلسطین، قطر، بحرین، اردن اور عراق میں بھی پہلا روزہ ہوگا

اتوار 5 جون 2016 23:08

سعودی عرب، خلیجی ممالک اور مشرق بعید میں پہلا روزہ ہوگا،پاکستان میں( ..

ریاض/ابوظہبی/انقرہ/کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5جون۔2016ء) سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات ،خلیجی ریاستوں ا ور اور مشرق بعیدکے ممالک میں چاندنظر آگیا ،ان ممالک میں (آج) پیر کو پہلا روزہ ہوگا،پاکستان میں (کل) منگل سے ایک ہی وقت میں رمضان المبارک کا آغاز ہونے کی توقع ہے۔عرب میڈیاکے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں متعلقہ وزارتوں کا اجلاس ہوا جب کہ چاند نظرآنے کے بعد خلیجی ممالک سمیت مشرق بعید کے ممالک انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی دارالسلام، اور سنگا پور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد وہاں(آج ) پیر کو پہلا روزہ ہوگا۔

ترکی، فلسطین، قطر، اردن ، عمان، بحرین اور عراق میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں ا ور اور مشرق بعیدکے ممالک میں چاند نظر آنے کے بعد حجاس مقدس سمیت دیگر مساجد میں نماز تراویح ادا کی گئی اور شہریوں کی سحری کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے درخواست کی تھی کہ وہ رمضان کا چاند خود دیکھیں اور چاند نظر آنے پر قریبی عدالت میں جا کر اپنی شہادت رجسٹر کرائیں۔

عمان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ۔عمان کے محکمہ اوقاف اور مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ۔عمان میں پہلاروزہ 7جون بروز منگل کو ہو گا ۔واضح رہے کہ عمان واحد خلیجی ریاست ہے جہاں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد اب پاکستان اور عمان میں ایک ہی دن پہلا روزہ رکھا جائے گا ۔برطانیہ میں بھی چاند نظر آنے کے بعد (آج ) پیر کو پہلے روزے کا اعلان کیا گیاہے۔

دوسری جانب پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں (آج ) پیر کو ہوگا جس میں چاند نظر آنے کا امکان ہے یوں ملک بھر میں ایک ہی وقت میں (کل) منگل سے رمضان المبارک کا آغاز ہونے کی توقع ہے ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے جلاس کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی سطح پر بھی کمیٹیوں کے الگ الگ اجلاس ہوں گے۔

اجلاس میں 1437 ہجری کے رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں لی جائیں گی۔خیال رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریبا ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے ہے۔

تاہم اس مرتبہ حکومتی کوششوں کے بعد ملک میں ایک ہی دن ماہ رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے، پشاور کی مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے قبل اپنی کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔گذشتہ برس بھی مفتی پوپلزئی کی جانب سے عید الفطر 17 جولائی جمعہ کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ملک بھر میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایک روز بعد اسلام آباد میں ہوا اور کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں عید ہفتہ 18 جولائی 2015 کو منائی گئی، اسی طرح رمضان کے پہلے روزے کے حوالے سے بھی دونوں میں اختلاف سامنے آیا تھا۔