کراچی میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایم کیوایم کی احتجاجی ریلی ،وزیراعلی ہاؤ س کے سامنے دھرنا

ایم کیو ایم کا دھرنا غیرقانونی ہے ، کراچی میں پانی کا مسئلہ ضرور ہے جسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ایم کیو ایم شہر میں غلط روایات قائم کر رہی ہے ، اگر وہ آہی گئے ہیں تو ان سے تعمیری بات ہوگی، وزیراعلی سید قائم علی شاہ

اتوار 5 جون 2016 23:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5جون۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جب کہ کارکنوں کی بڑی تعداد رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے وزیراعلی ہاس کے مرکزی دروازے تک پہنچ گئی۔اتوار کو شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی نایاب ہوگیا اور کئی علاقوں میں تو مہینوں سے پانی کی فراہمی معطل ہے اورشہری مجبورا مہنگے داموں واٹرٹینکر ڈلانے پر مجبور ہیں جس کے بعد شہر بھر میں ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے،شہر میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس کو روکنے کے لئے وزیراعلی ہاؤ س کے باہر رکاوٹیں کھڑی کر کے واٹرکینن کوبھی الرٹ کردیا گیا جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کی ریلی میں ڈاکٹرفاروق ستار، نامزد میئر کراچی وسیم اختر اور امین الحق سمیت کئی مرکزی رہنما شریک ہوئے جب کہ پریس کلب سے ریلی نے وزیراعلی ہاس کی جانب مارچ شروع کیا تو مظاہرین کی بڑی تعداد رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے وزیراعلی ہاس کے سامنے پہنچ گئی اور وہیں دھرنا دے دیا۔دوسری جانب وزیراعلی سید قائم علی شاہ نے دھرنے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ ضرور ہے جسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایم کیو ایم شہر میں غلط روایات قائم کر رہی ہے اور اگر وہ آہی گئے ہیں تو ان سے تعمیری بات ہوگی۔