رمضان میں پاکستان کا قیام ایک پیغام ہے کہ یہ ملک تاقیامت قائم رہیگا،پاکستان جمہوری طریقے سے معرض وجود میں آیا مگر بدقسمتی سے قائد اعظم کے انتقال کے بعد ملک جمہوریت کی پٹڑی سے اترگیا، نوازشریف کی صورت میں پھر سے قائد اعظم کے نظریے پر عمل کرنے والا قائد ملاہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب

اتوار 5 جون 2016 23:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5جون۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ رمضان میں پاکستان کا قیام ایک پیغام ہے کہ یہ ملک تاقیامت قائم رہیگا،پاکستان جمہوری طریقے سے معرض وجود میں آیا مگر بدقسمتی سے قائد اعظم کے انتقال کے بعد ملک جمہوریت کی پٹڑی سے اترگیا،محمد نوازشریف کی صورت میں پھر سے قائد اعظم کے نظریے پر عمل کرنے والا قائد ملاہے۔

وہ اتوارکو علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد انصاف کی فراہمی اور ترقی و خوشحالی تھا،رمضان میں پاکستان کا قیام کا ایک پیغام ہے کہ یہ ملک تاقیامت قائم رہے گا۔ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہاکہ پاکستان جمہوری طریقے سے معرض وجودمیں آیا اور قائد اعظم کے انتقال کے بعد ملک جمہوریت کی پٹڑی سے اترگیا اورمحمد نوازشریف کی صور میں قائد اعظم کے نظریے پر عمل کرنیوالا قائد ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے جب بھی نوازشریف کو موقع دیا تو ترقی کا دور دورہ ہوا،نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے نیا خیبرپختونخوا نہ بناسکے پھر بھی نئے پاکستان کے بعد اب قائد کا پاکستان بنانے کا نعرہ لگارہے ہیں۔آصف کرمانی نے کہا کہ پانامالیکس کا شور مچانے والوں کو بعد میں پتہ چلا کہ وزیراعظم کا اس میں نام ہی نہیں ہے اور انکی اپنی دونوں اے ٹی ایم مشینیں آف شور نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی غیر آئینی اقدام کی کوئی گنجائش نہیں ہتے،قائد نے واضح کہا کہ سیاسی معاملات طاقت سے حل نہیں ہوسکتے،بدقسمتی سے سیاست میں ایسے لوگ آگئے جن کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے،ایسے سیاستدان صرف نوازشریف کی دشمنی میں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا کہ محرومیوں کا خاتمہ اورترقی و خوشحالی کے دورکا آغاز ہوگامگران عناصرکو ملک سے اندھیروں کا خاتمہ برداشت نہیں ہورہا،یہ لوگ جانتے ہیں کہ2018میں بھی مسلم لیگ(ن) کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔