1276ارب خسارے کے بجٹ میں عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں‘سید بلال شیرازی

150ارب کے ٹیکسوں سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا،بجٹ دھوکہ ہے ‘صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

اتوار 5 جون 2016 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جون۔2016 ) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے 1276ارب خسارے کے بجٹ میں عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں ، اربوں روپے کے خسارے کو پورا کرنے کیلئے مزید منی بجٹ آئیں گے جس سے عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا،بجٹ میں150ارب کے ٹیکسوں سے مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا ،سیمنٹ مہنگا ہونے غریب کیلئے مکان کی تعمیر بھی مشکل ہوجائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں یوتھ ونگ کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ بجٹ دھوکہ ہے اصل منی بجٹ بعد میں آئیں گے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زراعت و صنعت کی طرح عوام کو بھی بھر پور ریلیف دیا جانا چاہیے تھا لیکن عوام کو خالی لالی پاپ پر ٹرخا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملازمین کی تنخواہوں میں10فیصد اضافہ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اوراراکین پارلیمنٹ کی شرح سے بڑھائی جانی چاہیے تھیں ۔

اراکین قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں 200فیصد تک اضافہ اور ملازمین کو 10فیصد دے کر ٹرخا کردیا گیا ہے جو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں عوام ریلیف کی توقع کررہے تھے لیکن بجٹ نافذ العمل ہونے کے بعد انہیں ٹیکسوں میں اضافہ کی شکل میں ریلیف نہیں تکلیف ہوگی ۔اشیاء خوردونوش سمیت ہر چیز مہنگی ہونے سے غریب اور سفید پوش عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :