ایل جی ایچ کارکردگی اور ترقی میں تمام سرکاری ہسپتالوں سے آگے نکل گیا ‘ پروفیسر سکندر حیات گوندل

سنٹرل ریسرچ لیب کا قیام ،نئی سڑکوں اور گرڈ سٹیشن کی تعمیرسمیت تمام ترقیاتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے پرنسپل خالد محمود کے شانہ بشانہ ادارے کی ترقی اور اعلی معیار کیلئے کام کرتے رہیں گے ‘جنرل سیکرٹری میڈیکل ٹیچرز ا یسوسی پی جی ایم آئی

اتوار 5 جون 2016 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جون۔2016 ) میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن پی جی ایم آئی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹرسکندر حیات گوندل نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال کارکردگی اور ترقی میں تمام سرکاری ہسپتالوں سے آگے نکل گیا ہے ،ادار ے میں تمام ترقیاتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے ، بالخصوص سنٹرل ریسرچ لیب کا قیام، نئی سڑکوں اور گرڈ سٹیشن کی تعمیربہت جلد مکمل ہو جائے گی، ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام الناس اور ہسپتال سٹاف کو بڑی سہولت ملے گی اور ان کے مسائل حل ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر سکندر حیات گوندل نے کہا کہ ہسپتال کے توسیعی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ادارے میں نئی 2600پوسٹوں کی منظوری اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پرنسپل پروفیسر خالد محمود ادارے کی ترقی کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی انتھک محنت اور ادارے سے محبت و دلچسپی کی بدولت منظور ہونے والی ان اسامیوں سے ہسپتال کو عرصہء دراز سے درپیش عملے کی کمی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا اور عوام کو میسر طبی سہولیات کا معیار بھی بلند ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات اور منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت تھی اور اس سے سٹاف ، مریضوں اور ان کے لواحقین میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے۔ایم ٹی اے کے جنرل سیکرٹری نے اس عزم کو دہرایا کہ وہ اور ان کی ٹیم پرنسپل پروفیسر خالد محمود کے شانہ بشانہ ایل جی ایچ ،پی جی ایم آئی اورامیر الدین میڈیکل کالج کی ترقی اور اعلی معیار کیلئے کام کرتے رہیں گے تاکہ انہیں پنجاب کے سب سے بہترین طبی و تدریسی ادارے میں تبدیل کیا جاسکے۔ انہوں نے پروفیسر خالد محمود کو ان کے ادارے کیلئے کئے گئے شاندار اقدامات پر مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :