وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبا ئی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کا ضلع چنیوٹ کا دورہ

سفاک قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا،دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے‘خلیل طاہر سندھو

اتوار 5 جون 2016 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جون۔2016 ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا اور اٹک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر حمید احمد کی رہائش گاہ جا کر اہلخانہ اور رشتہ داورں سے اظہار افسوس کیا ۔انہوں نے مرحوم کے خاندان کو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچاتے ہوئے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ ضلع اٹک کی پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرگرم عمل ہے اور سوگوار خاندان کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم کے خاندان کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم پنجاب حکومت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ ڈاکٹر حمید کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قصورواروں کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے اور وہ ان کی ہدایت پر غمزدہ خاندان سے اظہار ہمدردی کے لئے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب ذاتی طور پر قاتلوں کی گرفتاری میں ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کررہے ہیں اور جلد ہی ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہیں،دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت سوگوارخاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر ڈی سی او شوکت علی کھچی‘ڈی ایس پی حسن افتخاراور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :