چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے،سردار ظفر حسین خان

اتوار 5 جون 2016 17:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 جون۔2016) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے شہرمیں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں ۔ عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوؤں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلام محمد آباد سے آئے ہوئے معززین کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے انہیں غلام محمد آباد میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ تھانہ غلا م محمدآ باد کا عملہ علاقہ میں وارداتیں روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

سردار ظفر نے کہا کہ مہنگائی ،بے روز گاری ،لوڈ شیڈنگ اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ذہنی امراض میں مبتلاکیاجا رہا ہے۔

بھوک ، بیماری اور بے روزگاری کے ستائے ہوئے عوام کے جان ومال اورعزت وآبرو بھی غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیں اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ غریب کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھینا جارہاہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبورکردیاہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور اس امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اور شہریوں کی عزت اورجان و مال کو کو تحفظ فراہم کیا جائے ،غلام محمد آباد میں جرائم کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہریوں کو اپنی حفاظت آپ کرنے کے لئے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے۔