رواں سال ایک ساتھ رمضان شروع ہونے کا امکان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 5 جون 2016 15:35

رواں سال ایک ساتھ رمضان شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5جون۔2016ء) حکومتی کوششوں کے بعد ملک میں ایک ہی دن ماہ رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے، پشاور کی مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے قبل اپنی کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔رمضان المبارک 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 6 جون بروز پیر کو چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے کراچی کیمپ آفس میں ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رمضان کا چاند پیر کی شام نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور منگل 7 جون کو ملک میں پہلا روزہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر 26 گھنٹے ہونی چاہیے جبکہ پیر کی شام تک چاند کی عمر 36 گھنٹے ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس کل ہی طلب کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسجد قاسم علی خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہاہے کہ پشاور کی مقامی کمیٹی کا آج (5جون کو) کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چاند کے حوالے سے کوئی بھی شہادت ملنے پر وفاقی وزیر مذہبی امور سے رابطہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے ہے۔