قومی اسمبلی اور سینیٹ کا بجٹ اجلا س 2روزہ وقفے کے بعد (کل) دوبارہ شروع ہو گا

ایوان زیریں میں خورشید شاہ اور ایوان بالا میں اعتزاز احسن بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے اپوزیشن جماعتوں کابجٹ پر بحث کے دوران حکو مت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ، مشترکہ حکمت عملی طے کر لی بحث سے قبل ایم کیو ایم نئے مالی سالی کے تجویز کردہ بجٹ کیخلاف دونوں ایوانوں سے علامتی واک آؤٹ کر یگی

اتوار 5 جون 2016 14:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جون۔2016) قومی اسمبلی اور سینیٹ کا بجٹ اجلا س 2روزہ وقفے کے بعد (کل)پیر کو دوبارہ شروع ہو گا،قو می اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سینیٹ میں قائد حز ب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے، اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ پر بحث کے دوران حکو مت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ حکمت عملی طے کر لی ہے ، بجٹ پر بحث سے قبل ایم کیو ایم مالی سال 2016-17کیلئے تجویز کردہ بجٹ کیخلاف دونوں ایوانوں سے علامتی واک آؤٹ کر ے گی ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2روزہ وقفے کے بعد (کل)پیر کو سہ پہر 4بجے سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ میں شروع ہو گا دوسری جانب سینیٹ کا بجٹ اجلاس2روزہ وقفے کے بعد دوپہر 2 بجے چیئر مین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدا رت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا ،قو می اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سینیٹ میں قائد حز ب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گئے۔

(جاری ہے)

دونوں ایوانوں کے بجٹ اجلاس میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کے علاوہ تمام ارکان بھی بجٹ بحث میں حصہ لے سکیں گئے ،ذرائع کے مطابق دونوں ایوانوں میں بجٹ پر بحث 2ہفتے تک جاری رہے گی،دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے مالی سال 2016-17کیلئے تجویز کردہ بجٹ کو مسترد کر تے ہوئے بجٹ پر بحث کے دوران حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق اپوزیشن حکومت سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں10فیصد آضافے کی بجائے اسکو 20فیصد بڑھانے کا مطالبی کر ے گی جبکہ سٹیشنری ،بچوں کے دودھ سمیت روزہ مرہ کی اشیاء ضروریہ پر لگائے جانے والے ٹیکس کو واپس لینے کا مطالبہ کر ے گی،اسکے علاوہ اپوزیشن آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسانوں کیلئے سپورٹ پرائس کیلئے رقم مختص کر نے کا مطالبہ کر ے گی ۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے پارلیمانی رہنماء فاروق ستار کے مطابق ایم کیو ایم مالی سال 2016-17کیلئے تجویز کردہ بجٹ کیخلاف دونوں ایوانوں سے علامتی واک آؤٹ بھی کر ے گی۔